مستونگ(ڈیلی گرین گوادر) مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ پو لیس کے مطابق جمعہ کو مستونگ کے علا قے کلی کاریز سور میں پولیو ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیو ٹیم کے حفاظت پر مامور پولیس اہلکار شہزاد احمد شہید ہو گیا جبکہ پولیو ٹیم میں شامل خواتین ورکرز محفوظ رہیں۔ پو لیس نے لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ واقعے کے فوراً بعد نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر وسابق ایم این اے سردار کمال خان بنگلزئی کی سربراہی میں شہید پو لیس اہلکار کے لواحقین کی جانب سے ڈی سی ہاؤس کے سامنے میت رکھ کر قومی شاہراہ کوچار گھنٹوں تک دھرنا دیکر بند کر دیا بعد ازاں ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے لواحقین سے مسلسل مذاکرات اور ڈی آئی جی پولیس قلات رینج نے سردار کمال خان بنگلزئی کو ملزمان کی گرفتاری کی یقینی دہانی کروانے کے بعد احتجاجی ختم کرواتے ہوئے قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بحال کروادیا۔ اس موقع پر سردار کمال خان بنگلزئی نے ڈی آئی جی پولیس اور انتظامیہ کو دو دن کی مہلت دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر دو دنوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہیں کیاگیا تو مستونگ سے گزرنے والے تینوں قومی شاہراہوں کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کیاجائے گا۔
مستونگ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار شہید

ٹیگز:
فائرنگ
