لالہ عبدالطیف آفریدی کا بہیمانہ قتل بڑے دکھ کی خبر ہے،وزیراعظم

اسلام آباد(ڈیلی گرین وادر)وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ لالہ عبدالطیف آفریدی کا بہیمانہ قتل بڑے دکھ کی خبر ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار کے سابق صدر عبدالطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی حکومت یہ دہشت گردی کرنے والوں کو قانون کے مطابق عبرتناک سزا دلائے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، عبدالطیف آفریدی نے تمام عمر آئین کی سر بلندی اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ عبدالطیف آفریدی نے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کی، وہ ایک اعلیٰ قانون دان اور بہادر سیاسی رہنما تھے، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت پر انہیں یونیورسٹی سے نکال دیا گیا تھا۔

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ حق کی بات ڈنکے کی چوٹ پر کرتے اور نتائج کی پرواہ نہیں کرتے تھے، افسوس آج آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی ایک توانا آواز خاموش ہو گئی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لالہ عبدالطیف آفریدی کی سیاسی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی، اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے