لاہور(ڈیلی گرین گوادر)،سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن حسین نقی انتقال کر گئے۔اہلخانہ کے مطابق حسین نقی 88 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے ہیں، حسین نقی مرحوم کی نمازِ جنازہ دن ساڑھے 12 بجے جامعہ المنتظر ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی جائے گی۔سینئرصحافی حسین نقی کے انتقال پر صحافتی، علمی اور سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جارہا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سینئر صحافی، انسانی حقوق کے علمبردار حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے حسین نقی کی صحافت، آزادی اظہار اور انسانی حقوق کے لیے طویل خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ حسین نقی نے صحافت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے حسین نقی کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔
وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی سینئر صحافی اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حسین نقی کے انتقال سے صحافت اور جمہوریت کا ایک روشن باب بند ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اصولوں کے صحافی تھے، جنہوں نے زندگی بھر آزادی اظہار، جمہوری اقدار اور انسانی حقوق کے لیے بے خوف آواز بلند کی۔وزیرِ اعظم نے مرحوم کے اہلِ خانہ، صحافتی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا سینئر صحافی حسین نقی کے انتقال پر اظہار تعزیت
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سینئر صحافی حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ اور صحافتی برادری سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حسین نقی کے انتقال سے صحافت ایک بااصول، کہنہ مشق اور توانا آواز سے محروم ہوگئی ہے۔ مرحوم نے آزادی اظہار اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حسین نقی کی صحافتی خدمات، اصول پسندی اور جمہوری اقدار کے لیے ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
شاہد رند کا سینئر صحافی حسین نقی کے انتقال پر اظہارِ افسوس، صحافتی خدمات کو خراج عقیدت
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے سینئر صحافی حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے صحافت ایک تجربہ کار، بااصول اور مدبر صحافی سے محروم ہوگئی ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں شاہد رند نے کہا کہ مرحوم حسین نقی نے آزادی اظہار اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے ناقابل فراموش خدمات انجام دیں، جبکہ ان کی صحافتی خدمات اور اصول پسندی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ اور صحافتی برادری سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حسین نقی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا کرے۔

