تربت (ڈیلی گرین گوادر)کیچ کے معروف بلوچی شاعر، ادیب، استاد اور سماجی و قومی جہدکار واجہ شہداد چاہ سری کی دوسری برسی کے موقع پر بلوچستان اکیڈمی تربت کے زیرِ اہتمام تربت پریس کلب کے آڈیٹوریم میں ایک پروقار ادبی و تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے میزبان اسپیشل سیکرٹری شیہک شہداد تھے۔جس میں کیچ کی ممتاز علمی، ادبی، سیاسی، سماجی اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کرکے واجہ شہداد چاہ سری کی علمی، ادبی، قومی اور تدریسی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔تقریب سے معروف بلوچ ادیب و محقق پروفیسر غنی پرواز، معروف محقق و ادیب یوسف عزیز گچکی، ڈاکٹر فضل خالق، معروف سیاسی شخصیت عصا ظفر، بلوچی اکیڈمی کوئٹہ کے سابق چیئرمین سنگت رفیق، بلوچستان اکیڈمی تربت کے سابق چیئرمین و معروف شاعر استاد عارف عزیز، بجار بلوچ اور بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کے صدر خلیل تگرانی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واجہ شہداد چاہ سری نے اپنی شاعری، فکر اور عملی زندگی کے ذریعے اپنی سرزمین اور مٹی سے گہرا رشتہ قائم رکھا۔ ان کے نام اور نسبت میں بھی اپنی زمین سے وابستگی کا واضح اظہار ملتا ہے، جبکہ ان کی شاعری میں اپنی دھرتی، قومی شناخت، زبان، ثقافت اور معاشرتی اقدار سے محبت نمایاں طور پر نظر آتی ہے۔ انہوں نے بلوچی شاعری کو منفرد اسلوب، نئے الفاظ اور مخصوص محاوروں کے ذریعے ایک الگ پہچان دی، جس کی بدولت ان کا ادبی مقام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔معروف سیاسی شخصیت عصا ظفر نے کہا کہ واجہ شہداد چاہ سری قوم پرستانہ فکر و نظریے کے حامل شاعر تھے۔ ان کی شاعری میں شائستگی، تہذیب اور قومی اقدار کا خیال رکھا گیا اور انہوں نے کبھی فحش گوئی کو اپنی شاعری کا حصہ نہیں بنایا۔ انہوں نے موجودہ دور کے شعراء اور فنکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی شاعری اور زبان کے ذریعے قومی ذمہ داریوں کا احساس اجاگر کریں اور ایسے غیر معیاری الفاظ و موضوعات سے گریز کریں جو ہماری معاشرتی اور قومی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتے۔ بلوچ ایک باعزت قوم ہے، ماضی کے شعراء نے اپنی تاریخ کو داستانوں اور شاعری کی صورت میں محفوظ کیا ہے، موجودہ نسل کو بھی اسی ادبی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنا قومی و ادبی فریضہ ادا کرنا چاہیے۔بلوچی اکیڈمی کوئٹہ کے سابق چیئرمین پروفیسر سنگت رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واجہ شہداد چاہ سری ایک عظیم علمی و ادبی شخصیت اور شعبہ تعلیم سے وابستہ ایک بااصول معلم تھے۔ وہ ایک بے باک، نڈر اور اصول پسند انسان تھے، جنہوں نے اپنی شاعری میں ایسے منفرد الفاظ، محاوروں اور زبان کے اسالیب استعمال کیے جو بلوچی زبان کے دیگر ممتاز شعراء سید ہاشمی، عطا شاد، گل خان نصیر اور محمد حسین عنقاء کے ہاں بھی اسی انداز میں نہیں ملتے۔ ان کی شاعری میں موجود فکری وسعت، زبان کی انفرادیت اور ادبی گہرائی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

معروف شاعر اور بلوچستان اکیڈمی تربت کے سابق چیئرمین استاد عارف عزیز نے کہا کہ واجہ شہداد چاہ سری سمیت کیچ کی کئی اہم علمی و ادبی شخصیات سے انہیں بچپن ہی سے سیکھنے، ان کی صحبت میں رہنے اور حوصلہ افزائی حاصل کرنے کا موقع ملا۔ ایسی شخصیات کی علمی و ادبی خدمات نے علاقے میں زبان و ادب کے فروغ کے لیے بنیاد فراہم کی ہے، جنہیں یاد رکھنا اور ان کی روایت کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔ادیب و دانشور بجار بلوچ نے کہا کہ ریاست کا قومی زبانوں اور ادب کے حوالے سے رویہ مثبت اور حوصلہ افزا ہونا چاہیے، لیکن بدقسمتی سے عملی طور پر ایسا رویہ نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ واجہ شہداد چاہ سری صرف شعر و ادب سے وابستہ شخصیت نہیں تھے بلکہ ایک سیاسی جہدکار بھی تھے، جنہوں نے اپنی فکر اور ادبی سرگرمیوں کے ذریعے قومی شعور کے فروغ میں کردار ادا کیا۔بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کے صدر خلیل تگرانی نے کہا کہ واجہ شہداد چاہ سری کے ساتھ ان کی بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔ ان کی سرپرستی، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی بدولت آج ان جیسے کئی افراد بلوچ زبان و ادب کی آبیاری میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تاریخ، ادبی ورثے اور ماضی کی علمی شخصیات کو ساتھ لے کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کیچ میں بلوچی زبان و ادب کے فروغ کے حوالے سے یار محمد نوقلاتی، عاقل بابا نوشاد، بشیر بء تاب، اسماعیل بزرگ، لال بخش داؤدی، صوفی نذیر اور امیر بخش جوسکی سمیت دیگر ادبی شخصیات کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان شخصیات نے علاقے میں ادبی سرگرمیوں کے فروغ اور بلوچی زبان کی ترویج کے لیے طویل جدوجہد کی ہے، جس کی بدولت ادبی سفر آج بھی جاری ہے۔تقریب کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ واجہ شہداد چاہ سری جیسے شعراء، ادیبوں، اساتذہ اور قومی فکر رکھنے والی شخصیات کی زندگی اور ادبی تخلیقات کو محفوظ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔ ان کی شاعری اور علمی خدمات کو مرتب کرکے نوجوان نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلیں اپنے ادبی ورثے، زبان اور ثقافتی شناخت سے آگاہ رہ سکیں۔تقریب میں پاکستان نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر غفور احمد بزنجو، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما واجہ ابوالحسن بلوچ، چیف آفیسر شعیب ناصر، اے ڈی سی ریونیو مقبول انور، بلوچستان اکیڈمی تربت کے سابق چیئرمین ڈاکٹر غفور شاد، بلوچستان اکیڈمی کے چئیرمن شگراللہ یوسف، ایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی، ڈاکٹر محب اللہ،اعجاز احمد بلوچ، پروفیسر طارق رحیم، ڈاکٹر اسلم آزار، صادق تاجر، استاد صابر بلوچ، استاد وہاب بلوچ، سیاسی شخصیت منظور بلوچ اور دیگر اہم سیاسی، سماجی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت یلان بلوچ نے حاصل کی، جبکہ اسٹیج سیکریٹری اور نظامت کے فرائض مقبول ناصر نے انجام دیے۔تقریب کے دوسرے حصے میں بلوچی زبان کے معروف فنکاروں استاد عارف بلوچ، استاد اصغر آدینہ، استاد وہاب بلوچ اور مبارک داد نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے واجہ شہداد چاہ سری کے کلام اور اشعار پیش کیے۔ بلوچی شاعری اور موسیقی کی اس خوبصورت پیشکش نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا اور شرکاء نے شاعر کے ادبی ورثے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ واجہ شہداد چاہ سری کی علمی، ادبی، تدریسی اور قومی خدمات کو یاد رکھتے ہوئے ان کی شاعری اور فکر کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے ادبی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ان کی دوسری برسی محض ایک یادگاری تقریب نہیں بلکہ بلوچی زبان، ادب، ثقافت اور اپنی سرزمین سے وابستگی کی تجدید کا موقع بھی ثابت ہوئی۔
واجہ شہداد چاہ سری نے اپنی شاعری، فکر اور عملی زندگی کے ذریعے اپنی سرزمین اور مٹی سے گہرا رشتہ قائم رکھا، پروفیسر غنی پرواز

ٹیگز:
پروفیسر غنی پرواز
