کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سعودی عرب نے پاکستان سمیت 4 ممالک کے عمرہ زائرین کیلئے یومیہ تقریباً 20 سعودی ریال مالیت کے لازمی نسک فوڈ واؤچر متعارف کرادیے۔عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ، کھانے اور دیگر سہولیات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر مربوط کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تقریباً 10 ہزار ریسٹورنٹس کو نسک ایپ سے منسلک کردیے گئے ہیں۔ ہر عمرہ زائر کو ویزا سے منسلک ایک منفرد کوڈ ملے گا جس سے منظور شدہ مقامات سے کھانا کھایا جاسکے گا۔ رپورٹس کے مطابق اس اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کو معیاری اور منظم کھانے کی سہولت فراہم کرنا، غیر رجسٹرڈ خدمات کی حوصلہ شکنی کرنا اور عمرہ انتظامات کو مزید بہتر بنانا ہے۔ پاکستان، بھارت، مصر اور بنگلا دیش کے عمرہ زائرین کیلئے نئی پالیسی کا اطلاق یکم ربیع الاول سے ہوگا۔ نئی پالیسی کے بعد عمرہ پیکجز کی مجموعی لاگت میں اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث پاکستان سمیت مختلف ممالک کے ٹریول ایجنٹس اپنے پیکجز اور نرخوں پر نظرثانی کر رہے ہیں۔
یکم ربیع الاول سے پاکستان سمیت 4 ممالک کے عمرہ زائرین کیلئے لازمی فوڈ واؤچر متعارف

ٹیگز:
عمرہ زائرین
