کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء و صوبائی ایگز یکٹو کمیٹی کے رکن سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں گیس پریشر کی مسلسل کمی کے باعث علاقے کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں،سوئی گیس حکام کو بارہاشکایات کے باوجود علاقے میں گیس پریشر کا مسئلہ حل نہ ہونا باعث تشویش ہے، علاقے میں گیس پریشر بحال نہ ہوا تو عوام احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہونگے۔یہ بات انہوں نے سابق ناظم ملک خدابخش لہڑی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ کا گنجان آباد علاقہ ہے لیکن گزشتہ کئی ماہ سے علاقے میں سوئی گیس پر یشر کا نہ ہونا باعث تشویش ہے علاقے کے عوام مہنگے داموں سلینڈر بھروا کر استعمال کرنے اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں سوئی گیس حکام کی جانب سے سردی میں گیس کی طلب زیادہ اور رسد کم ہونے عذر پیش کردیا جاتا ہے لیکن موسم گرما میں بھی جب عوام کو گیس پریشر میسر نہیں ہے تو اس کا مطلب ہے کہ علاقے میں دانستہ طور پر گیس پریشر کو کم کردیا گیا ہے جو کہ ناقابل قبول عمل ہے گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں عوام شدید اضطراب اور پریشانی کا شکار ہیں۔سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ اگر سیٹلائٹ ٹاؤن سمیت ملحقہ علاقوں میں گیس پریشر بحال نہیں کیا جا تا تو پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ ملکر سوئی سدرن گیس کمپنی کوئٹہ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریگی۔
سوئی گیس حکام کو بارہاشکایات کے باوجود سیٹلائٹ ٹاؤن میں گیس پریشر کا مسئلہ حل نہ ہونا باعث تشویش ہے، سید حسنین ہاشمی

ٹیگز:
سید حسنین ہاشمی
