کوئٹہ17 نومبر(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام گیس صارفین کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنانے اور گیس سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ سردی کے موسم میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور بالخصوص کوئٹہ میں گیس کی فراہمی کا دورانیہ بڑھا کر رات 11 بجے تک کیا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر محمد راحیل صدیقی ملک اور چیف منیجر بلنگ محمد عمران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو شدید غربت، بیروزگاری اور کم فی کس آمدنی جیسے معاشی مسائل کا سامنا ہے، اسلیے ضروری ہے کہ انہیں گیس کی فراہمی میں خصوصی ریلیف دیا جائے اور ممکنہ حد تک سبسڈائزڈ نرخوں پر گیس فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ترجیح بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور انکے مجموعی معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس ضمن میں گیس کی فراہمی میں بہتری، شکایات کے فوری ازالے اور صارفین کو درپیش مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ گورنر مندوخیل نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ گیس کے واجب الادا بلوں کی بروقت ادائیگی کے حوالے سے حکومتی اور ادارہ جاتی کوششوں میں تعاون کریں کیونکہ بلوں کی عدم ادائیگی سے نہ صرف متعلقہ اداروں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے بلکہ بالآخر اسکے منفی اثرات عوام کو بھی بھگتنا پڑتے ہیں۔گورنر بلوچستان نے نئے گیس کنکشنز پر پابندی کے باعث پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ نئے کنکشنز کے منتظر صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں جبکہ بعض افراد متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ اس مسئلے کا مناسب اور قابلِ عمل حل تلاش کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ اس موقع پر جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی محمد راحیل صدیقی ملک نے گورنر بلوچستان کو کمپنی کی جانب سے حال ہی میں اٹھائے گئے اقدامات، صارفین میں آگاہی مہم اور ادارے کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
گیس صارفین کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، گورنر بلوچستان

ٹیگز:
گورنر بلوچستان
