کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ میں انسداد پولیو مہم ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ،دو پولیس اہلکار شہید جبکہ انسداد پولیو ٹیم محفوظ رہی۔ پولیس حکام کے مطابق منگل کو کوئٹہ کے تھانہ زرغون آباد کی حدود میں کلی شاہ عالم میں انسدادپولیو ٹیم میں شامل خواتین رضا کار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے گھر کے اندر تھیں کہ اچانک نامعلو م مسلح افراد نے سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکار وں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر شہید جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ و دہشت گردی کا معلوم ہوتا ہے۔ نشانہ بننے والے دونوں اہلکاروں کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق پولیس کے انسداد دہشتگردی محکمہ(سی ٹی ڈی) نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے قرب و جوار میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دہشت گردی کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے زرغون آباد تھانے کی حدود میں انسداد پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار وں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی کاروائی میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسو س کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ہمارے بچوں کے صحتمند مستقبل کے خلاف مزموم سازش ہے ملک دشمن عناصر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے انسداد پولیو مہم ناکام بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے خلاف منفی پراپیگنڈہ اور سماج دشمن عناصر کے مزموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے آئی جی پولیس کو ہدایت کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لئے تمام وسائل برؤے کار لائے جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے ذریعے اپنے بچوں کے صحت مند مستقبل کو ہر صورت یقینی بنائیں گے
کوئٹہ، پولیوں ٹیم پر حملہ دو پولیس اہلکار جاں بحق

ٹیگز:
پولیوں ٹیم پرحملہ
