اورماڑہ(ڈیلی گرین گوادر)اورماڑہ میں طوفانی ہواں اور طغیانی کے باعث 13 کشتیاں ڈوب گئیں بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان شکتی مزید شدت اختیار کر گیا، ہفتے کے روز اورماڑہ میں سمندری طوفان نے اپنا اثر دکھایا جہاں تیز ہواں اور سمندر میں شدید طغیانی کے باعث ساحل کے قریب لنگر انداز 13 مچھیروں کی کشتیاں ڈوب گئیں۔ اس تباہی سے مقامی ماہی گیروں کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس بڑے نقصان کے بعد متاثرہ ماہی گیروں سمیت انجمن ماہی گیران اورماڑہ اور اورماڑہ عوامی اتحاد نے فوری طور پر حکومت سے مشترکہ ہنگامی منصوبہ کے تحت باقی کشتیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مزید کشتیاں ڈوبنے سے بچ سکیں۔ ماہی گیروں کے مطالبے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز اورماڑہ عبدالرزاق بلوچ، تحصیلدار اورماڑہ نور خان بلوچ اور چیئرمین میونسپل کمیٹی اورماڑہ محفوظ بلوچ نے فوری ایکشن لیا۔ ان کی رہنمائی میں ساحل پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور جلد ہی پاک بحریہ کی امدادی ٹیمیں بھی ہیوی مشینری کے ساتھ ساحل پر پہنچ گئیں۔ حکام اور پاک بحریہ کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ڈوبنے والی تمام 13 کشتیوں کو سمندر سے نکال کر ساحل پہ محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے 6 اکتوبر تک ساحلی علاقوں میں طوفانی ہواں اور سمندر میں طغیانی کی پیشگوئی کی تھی۔ اس انتباہ کے بعد محکمہ فشریز نے باقاعدہ طور پر 4 اکتوبر سے 6 اکتوبر 2025 تک ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے گریز کرنے اور اپنی کشتیاں و آلات محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ اس کے باوجود یہ بڑا حادثہ پیش آیا جس پر متاثرین اور دیگر ماہی گیر تنظیمیں مالی معاونت اور مستقبل کے لیے بہتر حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
اورماڑہ، سمندری طوفان شکتی کا قہر، طغیانی سے 13 کشتیاں ڈوب گئیں

ٹیگز:
اورماڑہ
