کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صحت عامہ کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، صوبے کے دور دراز دیہی علاقوں میں صحت مراکز کو فعال بناتے ہوئے صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہیں۔صحت کارڈ کا اجراء اور اس کی مدت کو ایک سال کے بجائے 3 سال کر دیا گیا ہے منصوبے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے پانچ ارب روپے مختص کر دیئے گئے ہیں۔ دور دراز کے علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایمبولینس اور موبائل ہیلتھ سروسز بھی مہیا کی گئی ہیں. صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے. مالی مشکلات کے باوجود صدی کی بدترین وبا کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے ٹھوس و عملی اقدامات کیے گئے جس پر عملدرآمد کے لئے صحت عامہ سے منسلک افراد اور پروفیشنلز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا اور قوم اس پر قابو پانے میں کامیاب ہوئی. ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ آج پوری دنیا میں صحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد بیماریوں کا خاتمہ یقینی بناتے ہوئے صحت مند معاشرے کا حصول ہے. دنیا نے جس تیزی سے ترقی کی ہے اور انسان کا انداز زندگی بدل دیا اس سے صحت سے متعلق کافی پیچیدگیاں بھی سامنے آئیں ہیں۔ صوبائی حکومت بین الاقوامی ایجنسیوں کے اشتراک سے بھی کافی پروگرام و پروجیکٹ پر کام کر رہی ہے تاکہ صحت سے متعلق مشکلات و پیچیدگیوں کو دور کیا جا سکے.صحت کی خدمات تک رسد کو آسان بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال, صحت کی خدمات میں بہتری اور جدت لانے کیلئے عوامی اور نجی سیکٹر کے تعاون کو بھی بروئے کار لایا جا رہا ہے بیماریوں کی تشخیص سے لے کر ان کی روک تھام تک تمام امور کا بتدریج جائزہ لے کر احکامات جاری کیے جاتے ہیں. ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ صحت ایک ایسا شعبہ ہے جس میں ہر وقت بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے. صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ صحت مند معاشرے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اس لیے ڈاکٹرز و دیگر اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کی بھی بھرپور کوشش کی گئی ہے. وزیر اعلیٰ بلوچستان عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی مقبولیت میں واضع اضافہ ہوا ہے اور صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔
صوبائی حکومت میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صحت عامہ کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ، فرح عظیم شاہ

ٹیگز:
فرح عظیم شاہ
