کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے گزشتہ روز اسلام آباد میں صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ ایڈوکیٹ نے ملاقات کی، اس موقع پر مختلف سیاسی اور سماجی امور پر بات چیت کے دوران صوبائی محتسب نے صدر مملکت کو محتسب ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محتسب ادارہ گزشتہ بائیس سالوں سے عوام کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے عملی جدو جہد کررہا ہے، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو عشروں سے زائد عرصہ میں محتسب ادارے کو تقریباً بیس ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں اور جبکہ بعض سنگین مسائل پر محتسب نے از خود نوٹس (سوموٹو ایکشن) لیتے ہوئے قانون اور آئین کے مطابق عوامی شکایات کا ازالہ کیا، نذر محمد بلوچ ایڈوکیٹ نے بتایا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے ریجنل دفاتر قائم کیے گئے ہیں تاکہ صوبے کے نادار لوگوں کو ان کے اپنے ہی علاقوں میں مفت انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے، صوبائی محتسب نے کہا کہ وہ سرکاری محکموں کے حوالے سے لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مختلف علاقوں میں جاکر کھلی کچہریوں کا انعقاد کرتے ہیں تاکہ وہ خود لوگوں کی شکایات کے ازالے کے لئے فوری اقدامات کرسکیں، صدر مملکت نے محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ ایڈوکیٹ کی بہترین کاوشوں سرہاتے ہوئے محتسب ادارے کی بہترین کارکردگی کی بھی تعریف کی، صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ محتسب ادارہ نذر محمد بلوچ ایڈوکیٹ کی سرپرستی میں بلوچستان کے عوام کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے مستقبل میں بھی سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔ دریں اثناء صوبائی محتسب نذر محمد بلوچ ایڈوکیٹ نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو محتسب ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کیا۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ ایڈوکیٹ کی ملاقات ، سیاسی اور سماجی امور پر بات چیت

ٹیگز:
ملاقات
