ژوب (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور وزیر اعلی بلوچستان کے مشیر رکن صوبائی اسمبلی مٹھا خان کاکڑ نے کہا ہے کہ چار سالوں میں ژوب کو جو ترقی دی ہے وہ تیس سالوں میں کسی نے نہیں دی ہے۔ہم نے 17 ارب روپے کے میگا اور دیگر پروجیکٹس ژوب کو دئیے ہیں۔ہماری ژوب کے لئے تحریک کھوکھلے نعروں پر مبنی نہیں بلکہ ہم نے عملی کام کرکے ژوب کو پہلی بار اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ لوگ جوق در جوق ہمارے کاروان میں شامل ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل ہال میں گرینڈ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع ممتاز سماجی سیاسی رہنماء وطن یار خلجی نے اپنے ساتھیوں سمیت مٹھاخان کاروان میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مٹھاخان نے وطن یار خلجی اور ان کے ساتھیوں کو شمولیت اختیار کرنے پر مبارک باد دی۔اور کہا کہ ژوب کے لئے ھماری خدمات کا سلسلہ جاری رہیگا ہم ژوب کے تمام لوگوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ژوب کی ترقی و خوشحالی کے لئے اور علاقے کی پسماندگی و محرومی کے خاتمے کے لئے آگے بڑھیں اور ہمارے بازو بنیں۔ ہم نے حقیقی معنوں میں ژوب کو خوشحالی اور ترقی دینے کا عہد کیا ہے۔ مٹھا خان کاکڑ نے کہا کہ یہ ہماری کارکردگی ہے کہ بڑی تعداد میں سیاسی جماعتوں کے لوگ جوق درجوق کاروان کا حصہ بن رہے ہیں۔ اتنے بڑے پیمانے پر شمولیتیں دیکھ کر ہم کہہ سکتے ہیں کہ آنے والا الیکشن بھی ژوب کے عوام بھرپور طریقے سے ہمارے نام کریں گے۔ مٹھا خان کاکڑ نے کہا کہ ہم نے کبھی زئی اور خیلی کی سیاست نہیں کی ہے میں اس زہر آلود اور عوام کو تقسیم کرنے والی سیاست کو مسترد کرتا ہوں۔ میں عوام کو جوڑنے کی سیاست اور ان کی ترقی کی سیاست کا قائل رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ژوب کو میں ماڈل اور خوبصورت شہر بناؤں گا ہم نے شہر میں مختلف شعبوں میں جو منصوبے مکمل کئے ہیں وہ شہر کو خوبصورتی کی طرف لے جانے کا آغاز ہے۔ گرینڈ شمولیتی تقریب سے سردار ناصر خان ناصر، ڈاکٹر خیر محمد مندوخیل،عبداللہ خان کاکڑ، فضل آمین مندوخیل، مولوی قطب الدین خوستی، سمیع اللہ مندوخیل،سید افضل شاہ اور حاجی حقنواز گنڈہ پور نے خطاب کیا۔ تقریب میں مٹھاخان کاروان کے رہنماؤں نے حاجی مٹھا خان کاکڑ اور وطن یار خلجی کو روایتی لنگی پہنا کر ان کا پر جوش خیر مقدم کیا۔وطن یار خیلجی نے مہمانوں کے اعزاز میں ظہورانہ دیا اور تمام شرکاء اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔
چار سالوں میں ژوب کو جو ترقی دی ہے وہ تیس سالوں میں کسی نے نہیں دی ہے، مٹھا خان کاکڑ

ٹیگز:
مٹھا خان کاکڑ
