کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے پریس ریلیز میں ویسٹرن بائی پاس، پشتون باغ، بادیزئی ٹاؤن کی بجلی منقطع کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واپڈا کے متعلقہ ایس ڈی او اور دیگر اہلکاروں کے عوام دشمن اور تعصبانہ رویے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پشتون باغ، بادیزئی ٹاؤن ہزاروں نفوس پر مشتمل ایک گنجان آباد علاقہ ہے، جس کے مکینوں کو بلاجواز بجلی سے محروم رکھنا نہ صرف قابلِ مذمت بلکہ عوام کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ علاقے کے صارفین باقاعدگی سے اپنے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود انہیں بجلی کی سہولت سے محروم رکھنا واپڈا کی نااہلی اور عوام دشمن طرزِ عمل کا واضح ثبوت ہے۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ ایک طرف عام صارفین کو کئی کئی گھنٹوں بجلی کی بندش، کم وولٹیج اور دیگر مسائل کا سامنا ہے، جبکہ دوسری جانب بعض واٹر سپلائیوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی ادائیگیوں اور رشوت کے عوض بجلی کی فراہمی جاری رکھنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ واپڈا کے اہلکار غیر قانونی ٹیوب ویلوں کو بجلی فراہمی کے ماہانہ لاکھوں روپے رشوت لیتے ہیں جسکی فوری اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واپڈا کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پشتون باغ بادیزئی ٹاؤن کی بجلی فوری طور پر بحال کی جائے، متعلقہ ایس ڈی او اور عملے کے رویے کا نوٹس لیا جائے اور علاقے کے عوام کو درپیش بجلی کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ بصورتِ دیگر پارٹی عوام کے ساتھ مل کر واپڈا کے خلاف بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا ضلع کوئٹہ ویسٹرن بائی پاس، پشتون باغ، بادیزئی ٹاؤن کی بجلی منقطع کرنے کی شدید مذمت

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل
