اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہی نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کریں گے، ابھی تک آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت نہیں ہوئی۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ کیا عمران خان پہلی بار مکر رہا ہے؟ وہ ہر چیز سے مکر جاتا ہے، گزشتہ چار سال سے کتنی باتیں کیں کیا کسی بات پر عمران خان کھڑا رہا؟ عمران خان کس حالت میں ہوتا ہے اور کیا کہہ جاتا ہے اسے خود یاد نہیں رہتا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کل کہا کہ میرے قتل کی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، اس آدمی کو یہ پتا ہی نہیں کہ وہ کہتا کیا ہے، اگر کچھ لوگ اس کی بات پر اعتبار کرنے کو تیار ہیں تو یہ ان کا معاملہ ہے۔صحافی کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں ہوا، آرمی چیف کی تعیناتی پر مشورہ وزیر اعظم کی صوابدید پر منحصر ہے، وزیر اعظم ہی آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کریں گے تاہم ابھی تک آرمی چیف کی تعیناتی پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی یہ صرف ہوائی خبریں ہیں۔

