کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان آرمی اور ایف سی بلوچستان، سول انتظامیہ کے ہمراہ سیلاب متاثرین کی ریلیف اور بحالی میں مصروف عمل ہیں۔تفصیلات کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں 2 ریلیف کیمپس فعال ہیں جہاں 3968 سیلاب زدگان کو پکا ہوا کھانا، راشن اور علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاکستان آرمی، ایف سی بلوچستان اور این ڈی ایم اے کی جانب سے 10470کھانے کے پیکٹس اور 473ٹینٹ، 7101بسترے اور 345 حفظان صحت کے بکس وغیرہ مستحق لوگوں میں تقسیم کئے گئے ہے۔ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں لوگوں کو متعدی امراض سے بچاو کے لئے فری میڈیکل کیمپس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان آرمی اورایف سی بلوچستان کی جانب سے 15فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا جس میں 1446مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے ہونیوالے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے 30سروے ٹیمیں کام کر رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 630 گھروں کا سروے کر لیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے ہونیوالے %99نقصانات کا جائزہ لگا لیا گیا ہے۔بلوچستان کی تمام شاہراہیں ٹریفک کی آمدورفت کیلیے مکمل طور پر کھول دی گئیں ہیں۔ جبکہ قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پاک فوج، ایف سی بلوچستان، پاکستان کوسٹ گارڈ اور سول انتظامیہ مصروف عمل ہیں۔
سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے پاکستان آرمی، ایف سی بلوچستان اور سول انتظامیہ کی امدادی کاروائیاں جاری

ٹیگز:
سیلاب زدگان
