کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جی او سی 44 اسپیشل سکیورٹی ڈویژن کی مقامی عمائدین اور معززین علاقہ سے ملاقات، علاقے کی ترقی و خوشحالی اور پائیدار امن و استحکام کے لئے پاک فوج کی دیگر ریاستی اداروں کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی گئی۔جی او سی 44 اسپیشل سکیورٹی ڈویژن نے گوادر کے مقامی عمائدین، سیاسی اکابرین, انتظامیہ کے افسران, مذہبی رہنماؤں, ماہی گیر برادری کے نمائندوں, معززین علاقہ اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین سے ایک تفصیلی ملاقات کی- اس موقع پر جی او سی نے شرکاء سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے گوادر کی ترقی میں مقامی قیادت کی اہمیت و کردار کو نا گزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوادر میں پاکستان کے کسی بھی دوسرے خطہ سے کہیں زیادہ صلاحیت موجود ہے۔ جی او سی نے مکران کی ترقی کے سفر میں خواتین کے انتہائی اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔جی او سی نے ماہی گیروں کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ علاقے کی ایک بڑی کمیونٹی براہ راست پیٹرولیم مصنوعات کی تجارت سے جڑی ہوئی ہے، تاہم مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کسی متبادل اور بہتر ذرائع کی اشد ضرورت ہے۔ جی او سی نے کہا کہ ضلع گوادر و ضلع لسبیلہ میں پانی اور توانائی کے مسائل کے حل کے لئے اختراعی سوچ کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام ایک ہی مالا کے موتی ہیں – علاقے میں فوج کی موجودگی کا مقصد علاقے کی ترقی و خوشحالی میں معاونت اور پائیدار امن و استحکام ہے۔ اسی مقصد کے حصول کے لئے فوج کی طرف سے گوادر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کی کوشش کے علاوہ 300 ملین روپے کی لاگت سے متعدد رفاہی و ترقیاتی کام آئندہ چند ماہ میں مکمل کیے جائیں گے جن میں طلباء کے لئے وظائف، فش آکشن ہال کی تزئین و آرائش، متعدد سکولوں کے انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی ضروریاتْ کی فراہمی، دور افتادہ علاقوں میں سولرائزیشن اور کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔ آخر میں جی او سی نے تمام معززین کا شکریہ ادا کیا اور ضلع گوادر اور لسبیلہ کے عوامْ کے لئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔شرکاء نے علاقے کی ترقی و خوشحالی اور پائیدار امن و استحکام کے لئے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا۔
جی او سی 44 اسپیشل سکیورٹی ڈویژن کی مقامی عمائدین اور معززین علاقہ سے ملاقات

ٹیگز:
جی او سی
