کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے خاران میں فائرنگ سے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اور مستونگ میں بم دھماکے کے نتیجے میں 3افراد کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعات میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے موثراور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔یہاں جاری ہونے والے اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں روز بروز امن وامان کی صورتحال خراب ہورہی ہے اورصوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوگئی ہے خاران میں نماز کے دوران فائرنگ سے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس (ر) محمد نورمسکانزئی اور مستونگ میں بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد کی شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس اورصوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں وہ پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں جس سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاران اور مستونگ واقعات میں ملوث ملزمان کو فوری طورپرگرفتارکرکے سخت سزادی جائے اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے جسٹس (ر) محمدنور مسکانزئی اور مستونگ بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے اورپسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
خاران میں فائرنگ سے سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اور مستونگ میں بم دھماکے کے نتیجے میں 3افراد کی شہادت قابل مذمت ہے،میرچنگیز جمالی

ٹیگز:
میرچنگیز جمالی
