پشاور(ڈیلی گرین گوادر)شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگرد کمانڈرز سمیت 9 خوارج کو ہلاک کر دیا جبکہ کرک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او گن مین سمیت شہید ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے پلنگ زئی، ندیم کوٹ، کوٹ خضری میں فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، فتنہ الخوارج کے ہلاک کمانڈرز میں خارجی خالد رضا، خارجی کامران، خارجی موسیٰ اور خارجی مفتوم شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسزکی موثرکارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا، کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔دوسری جانب کرک کی باؤنڈری کے قریب نیو کڑپہ کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او تھانہ بانڈہ داؤد شاہ داؤد خان اور ان کا گن مین شہید جبکہ ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔
ڈی پی او کرک عمران خان کے مطابق پولیس پر معمول کے گشت کے دوران فائرنگ کی گئی ، ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔دریں اثناء ایس ایچ او داؤد خان اور گن مین کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ، جس میں ڈی آئی جی کوہاٹ، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے شرکت کی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 دہشتگردوں کی ہلاکت سکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی عکاس ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک جنگ جاری رہے گی، ملک میں بدامنی پھیلانے والوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت خاک میں ملا دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔دو دن قبل ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود میں قریشی موڑ ابھایہ پل کے قریب دہشتگردوں کی فائرنگ سے 4 کسٹم اہلکار شہید ہوئے تھے۔گزشتہ ماہ 28 ستمبر 2026 کو ضلع ٹانک کے علاقے وزیر آباد میں ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید جبکہ 2 راہ گیر زخمی ہو گئے تھے۔
اس سے ایک دن قبل 27 ستمبر کو ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے تھے۔26 ستمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 35 زخمی ہو ئے تھے۔18 ستمبر کو کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 21 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

