کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل پہاڑوں پر نہیں بلکہ کھیلوں کے میدانوں، روزگار کے مواقع اور ایک پْرامن پاکستان سے وابستہ ہے۔ بلوچ نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ میں دھکیل کر ان کے ہاتھوں میں بندوق تھمائی گئی، تاہم صوبائی حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرکے انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ بلوچستان کے تمام اضلاع میں کھیلوں کے میدان آباد رکھے جائیں گے اور نوجوانوں کے لیے تسلسل کے ساتھ بڑے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں آل پاکستان وزیر اعلیٰ بلوچستان گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے فائنل کے کامیاب انعقاد پر محکمہ کھیل، صوبائی وزیر کھیل، سیکرٹری کھیل، ٹورنامنٹ کے منتظمین اور مقابلہ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کو مبارکباد دی اور چیمپئن شپ جیتنے والے افغان کلب سمیت فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں بھی دیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج بلوچستان کے لیے انتہائی خوشی کا دن ہے۔ کھیلوں کے میدان آباد کرنا اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت بلوچستان کے تمام اضلاع میں بڑے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرے گی تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع میسر آئیں اور صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کے لیے روزگار اور ذریعہ معاش کے پروگرام شروع کر رہی ہے۔ نوجوانوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کا مستقبل دہشت گردی اور تشدد میں نہیں بلکہ تعلیم، کھیل، روزگار اور پْرامن معاشرے کی تعمیر میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص اور گمراہ کن بیانیے کے ذریعے بلوچ نوجوانوں کو ریاست سے دور کرکے ان کے ہاتھوں میں بندوق تھمائی گئی اور انہیں ایک ایسی جنگ کا حصہ بنایا گیا جس سے انہیں کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ ریاستی نمائندے عوام کے درمیان نہیں جا سکتے، لیکن آج ہم عوام کے درمیان موجود ہیں اور نوجوانوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد کیے جائیں، ان کے ساتھ بامعنی مکالمہ کیا جائے اور میرٹ و بدعنوانی کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو کھیلوں، مثبت سرگرمیوں اور خوشیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جمع کرتی ہے، جبکہ دہشت گرد عناصر لوگوں کو اکٹھا کرکے شہروں پر حملوں اور تشدد کی راہ اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو کھیلوں اور تفریحی میلوں کے لیے جمع کیا جانا چاہیے، نہ کہ وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بولنے کے لیے۔ صادق شہید فٹبال گراؤنڈ اور اس کے قریب واقع فیملی پارک کی حالت کی نشاندہی پر وزیر اعلیٰ نے موقع پر موجود صوبائی وزیر کھیل کو دونوں مقامات کی فوری تزئین و مرمت کے احکامات جاری کیے تاکہ کھلاڑیوں اور شہری خاندانوں کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت بلوچستان ریاست اور ریاستی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور امن و سلامتی کے قیام کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔
بلوچستان کے نوجو انوں کا مستقبل پہاڑوں میں نہیں بلکہ کھیلوں کے میدانوں سے وابستہ ہے،میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
