اوکاڑہ(ڈیلی گرین گوادر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع اوکاڑہ کے زیر اہتمام پٹرول، گیس، بجلی اور پٹرولیم لیوی کے نام پر عوام پر عائد اضافی مالی بوجھ کے خلاف عظیم الشان جلسہ عام 11 اکتوبر 2026 بروز اتوار منعقد ہوگا۔ جلسہ عام بینظیر روڈ، جہاز والا چوک اوکاڑہ میں شام 5 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔جلسے سے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق وطن واپسی کے بعد خصوصی خطاب کریں گی، جبکہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید اور مرکزی ٹیم کے افراد بھی خصوصی طور پر شریک ہوں گی۔
جلسہ عام کا مقصد مہنگائی، بجلی و گیس کے بڑھتے ہوئے بلوں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور پٹرولیم لیوی کے باعث عوام کو درپیش معاشی مشکلات کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنا اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کو مؤثر بنانا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے بالخصوص متوسط اور کم آمدنی والے گھرانوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، جہاں گھریلو اخراجات پورے کرنا بھی ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع اوکاڑہ نے خواتین سمیت تمام عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرکے عوامی مسائل کے حل اور مہنگائی کے خلاف اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے ارکان، کارکنان اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اسلام آباد مارچ کے لیے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات کے تقاضوں کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے جلد اسلام آباد کی طرف بڑھنے کا اشارہ دیا جا سکتا ہے، لہٰذا خواتین ہر سطح پر منظم، متحرک اور بھرپور شرکت کے لیے تیار رہیں تاکہ جماعت اسلامی کی قیادت کے اعلان پر عوامی حقوق کی جدوجہد میں خواتین پوری قوت کے ساتھ اپنا کردار ادا کرسکیں۔ عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے اور ان کے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے پُرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

