کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں کے حملے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں واقعہ میں پولیس اہلکاروں سمیت عام شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی واقعہ پاکستان کے دشمنوں کی سوچی سمجھی ساز ش کے تحت کیا گیا تاکہ ملک کا امن و امان تباہ کیا جا سکے۔انہوں نے سندھ پولیس اور رینجرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس اور رینجرز کے جوانوں نے جس جوانمردی اور بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انہیں جہنم واصل کیا اس کے لئے سیکیورٹی فورسز کے جوان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے بیان میں کہا ملکی سلامتی کی ضامن ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے پوری قوم کے تعاون سے ہمیشہ دشمنوں کے دانت کھٹے کئے ہیں اور اُن کی بزدلانہ کارروئیوں کو ناکام بنایا ہے۔بزدل دشمن یہ جان لے کہ آئندہ بھی دشمنوں کو اُن کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی کوئی بڑا ایونٹ ہونے لگتا ہے اس طرح کے واقعات رونما ہونے لگتے ہیں جو کہ ہمارے ازلی دشمن بھارت کی سازشوں کا شاخسانہ ہیں۔ وہ نہیں چاہتا کہ پاکستان کا مثبت تاثردنیا میں جائے۔یہی وجہ ہے کہ وہ آئے روز پاکستان کی سلامتی و امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوششیں کرتا ہے اور ہمیشہ اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ خودکش دھماکے اور دہشت گردی کے دیگر واقعات میں بھارت ملوث ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہو ں نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی کاسب سے بڑاریاستی سپانسر ہے اور وہ نہیں چاہتا کہ پاکستان میں امن و استحکام ہو بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف خاص کر بلوچستان میں دہشت گردی کے لئے دہشت گرد تنظیموں کو سپانسر کیا گیا جس کا اعتراف بھارتی جاسوس نے بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جان لے کہ ہم نڈر اور بے خوف پاکستانی قوم ہیں جس کی حفاظت الحمداللہ ہماری سیکیورٹی فورسز کر رہی ہیں جن کے ہوتے ہوئے کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کا وطن کے لیے خود کو وقف کرنے کا عہدہی دشمنوں کے لئے خوف کی علامت ہے پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز ہمارا فخرہیں جنہوں نے دہشتگردی پر قابو پا کر وطن کی سرحدوں اور ملک کے اندر دشمنوں کے ناپاک عزائم کا بھرپور دفاع کیا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ملکی سلامتی و بقاء کے موقف پر متفق اور متحد ہے اور دنیا کی کوئی طاقت متحد قوم کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا سکتی بحیثیت قوم نظم و ضبط اور یگانگت پر ساری دنیا پاکستان کی معترف ہے۔انہوں نے کراچی پولیس چیف آفس حملے میں شہید ہونے والوں کے ورثاء سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ورثاء کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
کراچی واقعہ دشمنوں کی سوچی سمجھی سازش ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری
