کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ بلوچستان پولیس محدود وسائل اور مشکل حالات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے صوبے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کیلئے عوام کو پولیس کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا، ملک کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سیکورٹی فورسز اور پولیس کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کسان اتحاد پاکستان کے زیراہتمام شہدا کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے صوبائی مشیرداخلہ میرضیاء لانگو، پروفیسر عائشہ صدیقہ، کسان اتحاد پاکستان کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے پاک فوج،ایف سی،پولیس،لیویز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ہمارے ہیرو ہیں جن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت سی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا اب پاکستان کا دفاع ہم اپنے خون سے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس محدود وسائل اور مشکلات حالات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے صوبے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کیلئے عوام کو پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں منشیات فروشوں، قبضہ گروپس اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بھر پور کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں جرائم کے خاتمے کیلئے سیف سٹی پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت کوئٹہ شہر میں کیمرے نصب کئے جارہے ہیں اورانشاء اللہ کوئٹہ سیف سٹی منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی خاتون اہلکارکو عام تھانے کا ایس ایچ او تعینات کیا گیا ہے جس سے پولیس میں بھرتی ہونے والی خواتین اہلکاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے
بلوچستان پولیس محدود وسائل اور مشکل حالات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، آئی جی پولیس

ٹیگز:
آئی جی پولیس
