کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں رکن اسمبلی سردار عبدالرحمن کھیتران کی جانب سے خاتون رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ سے متعلق نامناسب ریمارکس پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مذمت جبکہ وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سمیت اسمبلی کے بیشتر ارکان ایوان سے باہر واک آؤٹ، بلوچستان کنٹریکٹ تقرریوں اور بلوچستان سروس ٹربیونلز کے قوانین پیش،اسپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیے گئے، گیس پریشر کے مسئلے پر جی ایم سوئی گیس کو طلب کرلیا گیا۔بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک رکن اسمبلی کا انٹرویو سامنے آیا ہے، تاہم وہ اس کا جواب دینا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ رکن اتنا بڑا سردار نہیں کہ وہ اس سے خوفزدہ ہوں، ہم نے دہشت گرد تنظیموں کی بھی پرواہ نہیں کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنی بہن اور خاتون رکن اسمبلی کے بارے میں کہے گئے الفاظ کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی روایات کو بلڈوز کیا گیا ہے۔ ہماری تربیت ایسی نہیں کہ کسی خاتون کے بارے میں اس طرح کے ریمارکس دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسمبلی سے خود واک آؤٹ نہیں کرسکتے، لیکن انہیں اس اسمبلی سے واک آؤٹ کرایا جائے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شرمندگی ہے کہ وہ ایسی اسمبلی میں بیٹھے ہیں جس میں وہ موصوف رکن اسمبلی بھی موجود ہیں۔اس موقع پر رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کی عزت، مہمان نوازی اور بہادری اہم روایات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی متعلقہ رکن اسمبلی کی عزت کرتی ہیں۔ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ سردار عبدالرحمان کھیتران نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے بارے میں جو کچھ کہا ہے، اس سے بلوچستان کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے کردار کے بارے میں جو کچھ کہا گیا ہے، وہ معاملہ اللہ پر چھوڑتی ہیں۔وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ اسمبلی کے ایک معزز رکن نے ان کی پارٹی کی خاتون رکن اسمبلی کے بارے میں بات کی ہے، اس لیے وہ واک آؤٹ کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ اسمبلی کے بیشتر ارکان بھی ایوان سے باہر چلے گئے۔ اس دوران وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی ایوان میں بیٹھے رہے۔ اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے دو ارکان اسمبلی کو دیگر اراکین کو منا کر واپس لانے کے لیے بھیجا، جس کے بعد واک آؤٹ کرنے والے ارکان اسمبلی میں واپس آگئے۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے کہا کہ سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق قرارداد کے دوران ان کے چند جملوں کو سوشل میڈیا پر غلط خبر کے طور پر چلایا گیا۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے طرز پر بلوچستان اسمبلی میں بھی صرف قومی ٹی وی کو کوریج کی اجازت دینے کی تجویز پیش کی۔اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے استفسار کیا کہ میڈیا چینلز اور سوشل میڈیا پر پابندی کیوں نہ عائد کی جائے۔ اس پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ انہیں پہلے میڈیا سے بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلے ہی چینلز بند ہورہے ہیں، اس لیے اچانک پابندی عائد کرنے کے بجائے پہلے میڈیا سے بات چیت کرنے دی جائے۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری نظم ونسق عبدالمجید بادینی نے بلوچستان کنٹریکٹ تقرریوں کا مسودہ قانون ایوان میں پیش کیا، جسے اسپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ انہوں نے بلوچستان سروس ٹریبونلز کا ترمیمی مسودہ قانون بھی ایوان میں پیش کیا، جسے بھی متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہ این 25 کو تعمیر کرنے کے لیے توڑ دیا گیا ہے، تاہم اب اس پر کام نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ این ایچ اے حکام سے رابطہ کرتے ہیں تو انہیں بتایا جاتا ہے کہ امن و امان کا مسئلہ ہے، جس کے باعث کام آگے نہیں بڑھ رہا۔اس پر صوبائی وزیر سلیم کھوسہ نے کہا کہ این ایچ اے صوبائی حکومت کے ماتحت نہیں ہے، تاہم وزیراعلیٰ بلوچستان این ایچ اے حکام کو بلا کر ان سے بات کریں گے۔ پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ دو سال کے دوران این ایچ اے نے کوئی ٹینڈر جاری نہیں کیا، جبکہ ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کا کام بھی التوا کا شکار ہے۔صوبائی وزیر سلیم کھوسہ نے کہا کہ جذباتی تقریروں سے ترقی نہیں ہوتی، حکومت صوبے کی تمام شاہراہوں کی بہتری کے لیے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ این ایچ اے کوئی کام ہی نہیں کررہی۔رکن اسمبلی زابد ریکی نے ایوان میں نشاندہی کی کہ وزیراعظم کی جانب سے ضلع واشک میں دانش اسکول کے قیام کے اعلان کے باوجود منصوبے پر کام شروع نہیں ہوسکا۔ اس پر وزیر تعلیم نے بتایا کہ دانش اسکول کا پروجیکٹ ڈائریکٹر اسلام آباد میں بیٹھتا ہے۔ صوبا ئی وزیر حاجی علی مدد جتک نے سریاب میں سوئی گیس اور بجلی کے بحران کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ علاقے کے عوام کو دونوں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر اور کیسکو چیف کو ایوان میں طلب کرلیا۔اجلاس میں مختلف امور پر بحث اور کارروائی کے بعد بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 20 نومبر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
بلوچستان اسمبلی میں خاتون رکن سے متعلق ریمارکس پر ہنگامہ، وزیر داخلہ اور ارکان کا واک آؤٹ

ٹیگز:
بلوچستان اسمبلی
