کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچ ڈاکٹرز فورم نے بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ ویسکیولر ڈیزیز (بی آئی سی وی ڈی)میں بھرتیوں کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں اور انٹرویوز کے کئی ماہ گزرنے کے باوجود نتائج اور حتمی میرٹ لسٹ جاری نہ کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھرتیوں میں میرٹ کی پامالی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔بلوچ ڈاکٹرز فورم کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ انٹرویوز کے کئی ماہ گزرنے کے باوجود نتائج کا اعلان نہ ہونا اور من پسند افراد کو نوازنے کے خدشات ایک اہم طبی ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہیں۔ امیدواروں کے لیے باضابطہ میرٹ لسٹ اور نتائج جاری کرنے کے بجائے بعض امیدواروں کو مبینہ طور پر ذاتی نمبروں پر تقرری کے آرڈرز بھیجے جا رہے ہیں، جو پورے بھرتی کے عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھاتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ سرکاری اداروں میں تقرریاں خفیہ فیصلوں اور ذاتی پسند و ناپسند کے بجائے شفاف میرٹ، قابلیت اور تجربے کی بنیاد پر ہونی چاہئیں۔ بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ ویسکیولر ڈیزیز ایک اہم طبی ادارہ ہے، جس کی کامیابی اہل اور قابل پیشہ ور افراد کی میرٹ پر تعیناتی سے وابستہ ہے۔ نوجوان ڈاکٹروں کے مستقبل اور جائز حقوق کو غیر شفاف بھرتیوں اور اقربا پروری کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا۔بلوچ ڈاکٹرز فورم نے مطالبہ کیا کہ تمام امیدواروں کے حاصل کردہ نمبرز اور حتمی میرٹ لسٹ فوری طور پر منظر عام پر لائی جائے اور بھرتیوں کے پورے عمل کا غیر جانبدارانہ آڈٹ کرایا جائے۔ فورم نے وزیراعلی بلوچستان، چیف سیکریٹری بلوچستان اور متعلقہ حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ بھرتیوں کے نتائج فوری جاری کرکے تمام تقرریوں کو شفاف میرٹ سے مشروط کیا جائے اور مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرائی جائیں۔مرکزی ترجمان نے واضح کیا کہ بلوچ ڈاکٹرز فورم بینظیر ٹراما سینٹر اور بی ایم سی کالج میں ہونے والی مبینہ ناانصافیوں کو بی آئی سی وی ڈی میں دوبارہ دہرانے کی اجازت نہیں دے گا اور ڈاکٹروں کے مستقبل و میرٹ کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات پر عمل درآمد نہ ہونے اور میرٹ کی مبینہ پامالی کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں فورم بھرپور احتجاج اور ہڑتال کرے گا، جبکہ معاملے کو عدالت میں چیلنج کرنے سمیت تمام آئینی و قانونی راستے بھی اختیار کیے جائیں گے۔
بی آئی سی وی ڈی میں بھرتیوں کے نام پر میرٹ کی پامالی قبول نہیں، بلوچ ڈاکٹرز فورم

ٹیگز:
بلوچ ڈاکٹرز فورم
