کوئٹہ (ڈیلی گرین گو ادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں لورالائی کے علاقے کلی گرمئی سے 29 اکتوبر 2026 کو اغواء ہونے والے 12 سالہ معصوم بچے وقاص خان زخپیل کی لاش 18 نومبر کو اسی علاقے میں پانی کے کنویں سے برآمد ہونے کے دلخراش واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی المناک، انسانیت سوز اور ناقابلِ برداشت سانحہ قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک معصوم بچے کا اغواء اور پھر اس کی لاش کا برآمد ہونا پورے علاقے کے لیے گہرے دکھ اور صدمے کا باعث ہے، جبکہ اس واقعے نے عوام میں شدید غم و غصے اور عدم تحفظ کے احساس کو جنم دیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ وقاص خان زخپیل کو 29 اکتوبر کی سہ پہر تقریباً پانچ بجے کلی گرمئی میں اپنے گھر کے قریب سے اغواء کیا گیا تھا۔ بچے کی بحفاظت بازیابی کے لیے آل پارٹیز کی جانب سے مسلسل احتجاجی مظاہرے، دھرنے اور شٹر ڈاؤن ہڑتالیں کی گئیں، جبکہ پولیس نے مختلف گرفتاریاں بھی کیں اور تفتیش کا سلسلہ جاری رکھا، لیکن افسوس کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مغوی بچے کو زندہ بازیاب کرانے میں ناکام رہے۔ آج اس معصوم بچے کی لاش برآمد ہونا انتظامی غفلت، عدم توجہی اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ نے حکومت، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں سے سخت مطالبہ کیا ہے کہ اس بہیمانہ قتل میں ملوث قاتلوں اور اغوائکاروں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، واقعے کی اعلیٰ سطحی، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، تمام شواہد اور دستیاب معلومات کی بنیاد پر اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس سنگین واقعے میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا ملوث عناصر کو تحفظ دینے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی اور انتظامی و تفتیشی ناکامی کے ذمہ دار اہلکاروں کا بھی احتساب کیا جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک کمسن بچے کے اغواء کے بعد مسلسل احتجاج اور عوامی مطالبات کے باوجود اس کی بازیابی ممکن نہ ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔ حکومت اور سکیورٹی اداروں کی بنیادی ذمہ داری عوام کی جان و مال کا تحفظ اور شہریوں کو امن و امان فراہم کرنا ہے۔ لورالائی اور دیگر علاقوں میں اغواء، قتل اور بدامنی کے واقعات کا تسلسل عوام کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کا تقاضا کرتا ہے۔ عوام کو محض یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات، مجرموں کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی درکار ہے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ نے شہید وقاص خان زخپیل کے خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اس المناک سانحے پر غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے کے عوام کو تحفظ کا احساس دلانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 19 نومبر بروز جمعرات آل پارٹیز کی جانب سے صوبہ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔ لورالائی میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال، احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ عام ہوگا، جس میں معصوم وقاص خان زخپیل کے اغواء اور المناک قتل کا واقعہ احتجاج کا مرکزی حصہ ہوگا۔ صوبائی سیکرٹریٹ نے تمام سیاسی جماعتوں، تاجر برادری، دکانداروں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ظلم کے خلاف متحد ہو کر احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور قاتلوں کی گرفتاری، انصاف کی فراہمی اور عوام کے تحفظ کے مطالبے میں اپنا کردار ادا کریں۔
لورالائی میں معصوم بچے کے قتل میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

