کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ حالیہ مون سون بارشوں اورسیلاب کے باعث کیسکواور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے تنصیبات کو کافی نقصا ن پہنچا ہے جسکی وجہ سے صوبہ کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے ترجمان نے کہا کہ ابتدائی سروے اور رپورٹ کے مطابق اب تک بی بی نانی پل کے قریب این ٹی ڈی سی کے220kv کے10 ٹاور جبکہ پیر غائب کے علاقے میں کیسکو کے132kv کے3 ٹاور گر گئے ہیں جسکی وجہ سے 220KV اور132kv کے دونوں ٹرانسمیشن لائنوں سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ اس وقت کوئٹہ شہر کو متبادل زرائع سے بجلی کی فراہمی جاری ہے اور کوئٹہ شہر کے تمام فیڈروں کو ضرورت کے مطابق باری باری بجلی فراہم کی جا رہی ہے کیونکہ 220kv اور132kv سبی ٹو کوئٹہ سرکٹ بند ہونے سے کیسکو کے سسٹم پر بوجھ بڑنے سے تقریبا 700 میگا واٹ بجلی کی قلت کا سامنا ہے جبکہ دستیاب بجلی تقریبا250 میگا واٹ ہے لہذا اس طلب و رسد کی کمی کو پورا کرنے کے لیئے اضافی لوڈ شیڈنگ نا گزیر ہو گیا ہے۔ترجمان نے مزید کہاکہ220kvدادو۔خضدار ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے خضدار، وڈھ، باغبانہ، قلات، نال، زہری، بیسیمہ، گدر،منگچر، کڈ کوچہ اور سوراب گرڈ اسٹیشنز سے منسلک علاقوں کو تا حال بجلی کی فراہمی معطل ہے اسکے علاوہ مستونگ، نوشکی،چاغی،خاران اور دالبندین کے علاقوں کو بھی ابھی تک بجلی کی فراہمی معطل ہے اور اس طرح اب تک صوبے کے 27 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی معطل ہے۔ترجمان نے کہا کہ لورلائی ژوب،قلعہ سیف اللہ، پشین،قلعہ عبداللہ،یارو، علیزئی،چمن کے سٹی فیڈروں کو صرف ضرورت کے مطابق یومیہ دو گھنٹے تک بجلی فراہم کیجا رہی ہے۔اسی طرح سبی، ڈیرہ مراد جمالی،نصیر آباد، جھل مگسی،اوستہ محمد میں بھی سیلاب کی وجہ سے جزوی بجلی بحال ہے۔132kv صحبت پور اور66kvگنداخہ گرڈ اسٹیشن میں سیلابی پانی داخل ہونے سے حفاظتی انتظامات کو مد نظر رکھ کر بریکر کو off کر کے بجلی بند کر دی گئی ہے نکاسی آب کا عمل بھی جلد مکمل کر کے متعلقہ گرڈ اسٹیشنز کو بجلی بحال کر کے نارمل فیڈروں کو چلایا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ کیسکو کا شعبہ گرڈ سسٹم آپریشن (جی ایس او) کے انجینئرز اور سٹاف نے مزید صورتحال کا جائزہ لینے کے لیئے اتوار کے روز صبح سویرے بولان کے علاقہ بی بی نانی پل سے لیکر ڈھادر تک پیٹرولنگ شروع کیاجسکے بعد مزکورہ علاقہ میں پانی کے دباو میں کمی کے بعد جی ایس او اور جی ایس سی نے ٹاوروں کی مرمت و بحالی کے سلسلے میں سامان کی منتقلی کا عمل شروع کرکے مرمت و بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کر دیا ہے اور زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے ان علاقوں میں سامان کی منتقلی ایک بڑا چیلنج ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیئے کیسکو، این ٹی ڈی سی کے انجینئرز و سٹاف ہمہ وقت تیار ہے۔ترجمان نے کہا کہ اینٹی ڈی سی کی جانب سے 220kv دادو۔خضدار ٹرانسمیشن لائن کی مرمت و بحالی کے بعد صورتحال میں بہتری آئے گی جبکہ بجلی کی صورتحال نارمل ہونے میں کم از کم ایک ہفتہ لگ سکتا ہے تاہم مشکل کی اس گھڑی میں تمام صارفین سے تعاون کی اپیل اور بجلی فراہمی میں تعطل پر معذرت خواہ ہیں۔
بارشوں اورسیلاب کے باعث کیسکواور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے تنصیبات کو کافی نقصا ن پہنچا ہے، کیسکو

ٹیگز:
کیسکو
