اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے ملک کو مہنگائی، بیروزگاری سمیت کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ سابق حکومت ان سے نمٹنے میں ناکام رہی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا۔ کابینہ کو ملک کی معاشی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپریل اور مئی میں ڈیزل اور پیٹرول پر سبسڈی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے دی گئی۔ پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی سے قومی خزانے کو 67 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ ذرائع کے مطابق قومی خزانے کو ڈیزل پر 52 روپے فی لٹر اور پیٹرول پر 22 روپے فی لیٹر کا نقصان ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم قوم کے مفاد میں بہترین فیصلے کریں گے۔ ہمارے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ مسائل فوری حل ہو جائیں لیکن قرضوں کے سمندر میں ڈوبتی کشتی کو کنارے لگانا ہے۔ چار سال کے زہریلے پروپیگنڈے کا حقائق کی بنیاد پر جواب دینا ہو گا۔

