لاہور(ڈیلی گرین گوادر)، سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ تعلیم محض ملازمت حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ انسان سازی، کردار سازی اور معاشرے کی تعمیر کا بنیادی وسیلہ ہے۔ تعلیمی اداروں کی حقیقی کامیابی ان کے نتائج سے نہیں بلکہ وہاں تعلیم پانے والے بچوں کے ایمان، اخلاق اور کردار سے پہچانی جاتی ہے۔ ہمیں ایسے ادارے تشکیل دینے ہیں جو بچوں کو اچھا مسلمان، ذمہ دار پاکستانی اور بہترین انسان بنائیں۔
انہوں نے لاہور میں بیٹھک اسکول کا دورہ کیا اور بیٹھک اسکول نیٹ ورک کے زیر اہتمام منعقدہ Leadership Camp اور ٹیچرز ٹریننگ پروگرام میں شریک لاہور، اسلام آباد، سوات، نوشہرہ، مردان اور گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی اساتذہ سے خصوصی خطاب کیا۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ تعلیم کا معیار بہتر بنانے اور نئی نسل کی مؤثر کردار سازی میں اساتذہ کا کردار کلیدی ہے۔ تربیت یافتہ اور باصلاحیت اساتذہ ہی نئی نسل کی بہتر تعلیم و کردار سازی میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں، اس لیے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور تدریسی صلاحیتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ استاد محض ملازم نہیں بلکہ نسلوں کا معمار اور مربی ہوتا ہے۔ قیادت کسی عہدے یا منصب کا نام نہیں بلکہ ایک امانت اور ذمہ داری ہے، جس کے ساتھ اللہ کے حضور جواب دہی بھی وابستہ ہے۔ ایک کامیاب لیڈر وہ ہے جو اپنی ٹیم کو ساتھ لے کر چلے، ہر فرد کی صلاحیت پہچانے اور اسے آگے بڑھنے کا موقع دے۔

ڈاکٹر حمیرا طارق نے مزید کہا کہ تزکیہ نفس انسان کو عملی جدوجہد کے لیے تیار کرتا ہے، اسے زندگی کے فرائض سے کنارہ کشی کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔ دین کے تمام تقاضوں کو ان کی درست ترجیحات کے ساتھ سمجھنا ضروری ہے۔ ہمیں اپنی ذات کی اصلاح کے ساتھ معاشرے کی اصلاح اور اللہ کے دین کے قیام کی جدوجہد بھی کرنی ہے۔ انہوں نے اسکول لیڈرز پر زور دیا کہ وہ اپنے اداروں میں ٹیم ورک، شفافیت اور احتساب کو فروغ دیں اور ہر بچے کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں۔
اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی قیادت کرنے والی خواتین کے کندھوں پر صرف انتظامی ذمہ داریاں نہیں بلکہ نئی نسل کی فکری اور اخلاقی تربیت کی بھاری ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ ہمیں اپنے اداروں میں ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جہاں اساتذہ خود بھی سیکھنے اور آگے بڑھنے کا جذبہ رکھیں اور بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ مضبوط وژن، باصلاحیت ٹیم اور مقصد سے وابستگی ہی کسی ادارے کو حقیقی کامیابی سے ہمکنار کرتی ہے۔
صدر بیٹھک اسکول نیٹ ورک عائشہ عامر نے بیٹھک اسکول کے تعارف میں بتایا کہ بیٹھک اسکول نیٹ ورک ایک ایسا تعلیمی منصوبہ ہے جس کا بنیادی مقصد معاشرے کے ان غریب اور مستحق بچوں کو مفت معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے جن کے والدین اسکول کی فیس ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ بیٹھک اسکول ایسے بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے تاکہ غربت کسی بچے کے تعلیمی مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف بچوں کو تعلیم دینا نہیں بلکہ انہیں باصلاحیت، خوداعتماد اور باکردار شہری بنانا بھی ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے اساتذہ کی تربیت، تدریسی معیار میں بہتری اور بچوں کی ہمہ جہت تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

