کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ یوم دفاع پاکستان کا دن قومی شہدا سے اظہار یکجہتی کا دن ہے اور یہ ہماری مسلح افواج اور غیور عوام کی جیت کا دن ہے جس میں پڑوسی ملک بھارت کو عوامی طاقت سے ناخن چبانے پر مجبور کر دیا گیا تھا، انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ چھ ستمبر 1965 کو مکار دشمن کے 110 طیارے تباہ ہوئے اس کے علاوہ شاہینوں نے 150 ٹینکس،600 فوجی گاڑیاں گولا بارود سے بھری چار ٹرینز اور 100 کے قریب توپیں بھی تباہی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اپنی فوج کے دفاعی صلاحیتوں پر فخر کرتا ہے اور یقین رکھتا ہے کہ پاک فوج ہر محاذ پر سرخرو ہوگی اس قومی دن کو منانے کا مقصد پاکستان کے دفاع اور عسکری طاقت کو مضبوط کرنے کی یاددہانی ہے تا کہ ہر آنے والے دن میں کسی بھی حملے سے بطریق ء احسن نمٹا جا سکے۔ 6ستمبر 1965ء کا دن عسکری اعتبار سے تاریخ عالم میں کبھی نہ بھولنے والا قابلِ فخردن ہے جب کئی گنا بڑے ملک نے افرادی تعداد میں کئی گنا زیادہ لشکر اور دفاعی وسائل کے ساتھ اپنے چھوٹے سے پڑوسی ملک پر کسی اعلان کے بغیر رات کے اندھیرے میں فوجی حملہ کر دیا۔ اس چھوٹے مگر غیور اور متحد ملک نے اپنے دشمن کے جنگی حملہ کا اس پامردی اور جانثاری سے مقابلہ کیا کہ دشمن کے سارے عزائم خاک میں مل گئے۔
پاکستانی اپنی فوج کے دفاعی صلاحیتوں پر فخر کرتا ہے، میر ضیاء لانگو

ٹیگز:
میر ضیاء لانگو
