چمن(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام تحصیل چمن کے زیر اہتمام قائد جمعیت زندہ باد کانفرنس ایک عظیم الشان عوامی احتجاجی اجتماع میں تبدیل ہوگئی، جس سے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ، مولانا صلاح الدین ایوبی، میر یونس عزیز زہری، مولانا حسین احمد شررودی، حافظ محمد یوسف، حاجی غوث اللہ اچکزئی، مفتی محمد قاسم، مفتی شراف الدین، حکمت اللہ کاکڑ اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چمن کے غیور عوام نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی قیادت، مدارس کے تحفظ اور جمعیت علماء اسلام کے دوٹوک مؤقف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرکے ثابت کردیا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین پر نظریاتی سیاست کی جڑیں گہری اور عوامی وابستگی ناقابلِ تسخیر ہے، عوام کا یہ ٹھاٹھیں مارتا سمندر ان قوتوں کے لیے واضح پیغام ہے جو منفی پروپیگنڈے، کردار کشی، ریاستی دباؤ اور انتظامی ہتھکنڈوں کے ذریعے جمعیت کی سیاسی آواز دبانے کے خواب دیکھ رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر مخصوص قوتوں کی اجارہ داری، معدنی ذخائر کی بندربانٹ، سرحدی تجارت کی غیر منصفانہ بندش، مقامی آبادی کے معاشی قتل اور دینی مدارس کو انتظامی شکنجے میں جکڑنے کی کوششیں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی، جمعیت علماء اسلام محض جلسوں کی جماعت نہیں بلکہ ایک نظریاتی تاریخ، فکری تسلسل اور عوامی جدوجہد کی حامل تحریک ہے، جس کے اکابرین نے برصغیر سے سامراجی تسلط کے خاتمے، آزادی کی تحریک اور قیام پاکستان کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کیں، جمعیت علماء ہند سے لے کر تحریک پاکستان اور آج تک ہمارے بزرگوں کی جدوجہد اس حقیقت کی گواہ ہے کہ دینی قیادت نے ہمیشہ اسلام، آزادی، قومی خودمختاری اور عوامی حقوق کی پاسداری کو اپنا نصب العین بنایا، پاکستان ایک نظریاتی امانت ہے جس کی بنیاد کلمہ طیبہ اور اسلامی تشخص پر رکھی گئی، اس ریاست کی حقیقی تکمیل اسی وقت ممکن ہے جب آئین کی بالادستی، عدل و انصاف، اسلامی اقدار اور شہریوں کے بنیادی حقوق کو محض نعروں کے بجائے عملی صورت دی جائے، افسوس کہ حکمرانوں کا طرزِ عمل آج بھی فرنگی ذہنیت اور نوآبادیاتی پالیسیوں کی عکاسی کررہا ہے، علماء کرام کو نوٹسز، مقدمات اور مختلف انتظامی حربوں کے ذریعے مرعوب کرنے، مدارس کی خودمختاری محدود کرنے اور دینی قیادت کو دباؤ میں لانے کی کوششیں دراصل اسی فرسودہ سوچ کا تسلسل ہیں، جمعیت علماء اسلام مدارس کی آزادی، دینی شناخت، تعلیمی خودمختاری اور قانونی رجسٹریشن کے آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی بلکہ بلوچستان اسمبلی میں مدارس کے تحفظ اور ان کے انتظامی و قانونی مسائل کے حل کے لیے مؤثر قانون سازی کی جدوجہد بھی کرے گی، رہنماؤں نے واضح کیا کہ جمعیت علماء اسلام کو روایتی اقتدار پرست سیاست کے پیمانے سے جانچنا درست نہیں، ہماری سیاست ذاتی مفادات، عہدوں اور مراعات کی محتاج نہیں بلکہ اصول، نظریہ اور عوامی حقوق ہماری جدوجہد کی بنیاد ہیں، قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی دباؤ، ترغیب یا سیاسی مصلحت کے تحت اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، مفتی محمود مرکز محض اینٹوں اور دیواروں سے بنی عمارت نہیں بلکہ ایک عظیم فکری ورثے، نظریاتی تحریک اور سیاسی تاریخ کی علامت ہے، اسے کمزور کرنے یا اس کی قیادت کو مٹانے کی خواہش رکھنے والے جان لیں کہ فکر مفتی محمود اور مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں یہ قافلہ اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہے گا، انہوں نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن، ان کے خاندان اور جماعتی قیادت کے خلاف جاری منظم کردار کشی، بے بنیاد الزامات، میڈیا ٹرائل اور سیاسی انتقامی مہم کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی غلام گردشوں میں بیٹھ کر زبان و بیان کا وقار کھو دینے والے یہ نہ بھولیں کہ ماضی میں یہی سیاسی حلقے مشاورت اور رہنمائی کے لیے قائد جمعیت کے دروازے پر دستک دیتے رہے ہیں، آج اقتدار کے زعم میں رویے بدلنے سے تاریخی حقائق تبدیل نہیں ہوسکتے، مولانا فضل الرحمن کی قیادت، سیاسی بصیرت اور اصولی موقف کو منفی مہمات سے متزلزل نہیں کیا جاسکتا، ان کے خلاف ہرزہ سرائی کا جواب دلیل، سیاسی مزاحمت، آئینی جدوجہد اور پرامن عوامی قوت سے دیا جائے گا، صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل، معدنیات، ساحلی پٹی اور سرحدی تجارت پر اولین حق یہاں کے عوام کا ہے، مائنز اینڈ منرلز کے نام پر ایسے قوانین اور پالیسیاں مسلط کرنا جن کے نتیجے میں مقامی آبادی اپنے ہی وسائل سے محروم اور چند بااثر قوتیں ان کی مالک بن بیٹھیں، صوبے کے ساتھ بدترین ناانصافی ہے، ریکوڈک سمیت بلوچستان کے تمام معدنی ذخائر کے معاملات میں مقامی آبادی کے حقوق، صوبائی اختیار اور عوامی مفادات کو مقدم رکھا جائے، وسائل کی لوٹ کھسوٹ کو ترقی کا نام دے کر عوام کو مزید محرومیوں کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ چمن سمیت تمام سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی معطلی نے ہزاروں خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے کردیے ہیں، سرحدی آمدورفت پر قدغنیں، کاروباری سرگرمیوں کی بندش اور روزگار کے ذرائع محدود کرنے سے مقامی آبادی معاشی بحران کی دلدل میں دھکیلی جارہی ہے، حکومت کو کوئی اختیار نہیں کہ متبادل روزگار اور معاشی تحفظ فراہم کیے بغیر لوگوں سے ان کے صدیوں پرانے ذرائع معاش چھین لے، سرحدی تجارت کو باعزت، قانونی اور پائیدار بنیادوں پر بحال، مقامی تاجروں اور محنت کشوں کو سہولتیں فراہم اور عوام کی معاشی زندگی کو مفلوج کرنے والی پالیسیاں واپس لی جائیں، مقررین نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی جدوجہد کا محور اللہ تعالیٰ کے نظام کی سربلندی، آئین کی حکمرانی، دینی اقدار کا تحفظ، عوامی حقوق کی بازیابی اور حقیقی جمہوریت کا قیام ہے، خارجہ پالیسی سے لے کر مائنز اینڈ منرلز، مدارس کی رجسٹریشن، سرحدی تجارت اور بلوچستان کے قومی و معاشی مسائل تک جماعت کا مؤقف واضح، اصولی اور غیر مبہم ہے، حکمران عوامی آواز کو دبانے کے بجائے ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں، انہوں نے کہا کہ صوبے میں بدامنی، بے روزگاری، ہوش ربا مہنگائی، بجلی و گیس کی بدترین قلت اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، عوام کو ریلیف دینے کے دعوے کرنے والے حکمران عملی طور پر اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کررہے ہیں، جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے عوام کو ان کے سیاسی، آئینی، معاشی اور دینی حقوق دلانے کے لیے اپنی جدوجہد مزید تیز اور منظم کرے گی، رہنماؤں نے کارکنوں اور ذمہ داران پر زور دیا کہ صوبائی دورے کو محض جلسوں تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے عوامی رابطے، تنظیمی استحکام، نظریاتی تربیت اور سیاسی بیداری کی بھرپور تحریک بنائیں تاکہ بلوچستان کے ہر ضلع اور ہر تحصیل میں عوامی حقوق کے تحفظ اور جماعتی پیغام کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جاسکے۔
بلوچستان کے وسائل پر قبضہ اور مدارس کے خلاف سازشیں کسی صورت برداشت نہیں، مولانا واسع

ٹیگز:
مولانا واسع
