کوئٹہ (پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا ہنگامی اجلاس پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کے زیرصدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں خیبر پشتونخوا میں قانونی،جمہوری منتخب حکومت کے خاتمے، گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا کہ آئین پاکستان کے تحت سیاسی جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے خیبر پشتونخوا میں احتجاج شروع ہوا ہے جس کے خلاف فارم47کے مسلط غیر منتخب حکومت نے گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرکے ملک کے اندر جاری بحرانوں اور سیاسی عدم استحکام کو مزید گہرا کردیا ہے۔ اجلاس میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے اعلان کردہ احتجاج کے بارے میں مختلف فیصلے کیئے گئے۔ جس کے مطابق 14اکتوبر کو صوبہ بھر میں مظاہرے اور احتجاج ہوں گے اور اس سلسلے میں پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مکمل تیاری سے احتجاجی مظاہروں کو انعقاد کرے اور صوبہ بھر کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملکی آئین، جمہوریت، فیڈریشن کے اختیار ختم کرنے کے خلاف اور حکومت کے ان غلط فیصلوں پر عدم اعتماد کے لیے آج کے احتجاجی مظاہروں میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔اجلاس سے عبدالرحیم زیارتوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پشتونخوا میں سیاسی جمہوری آئینی وقانونی احتجاج کے خلاف غیر آئینی،غیر جمہوری وغیر قانونی اقدام کرتے ہوئے گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا اور اس طرح تمام ملک میں صحیح معنوں میں عوامی مینڈیٹ رکھنے والی حکومت کا خاتمہ کیا گیا۔جو دراصل پشتونخواوطن، بلوچ، سندھی کے قدرتی معدنی وسائل پر قبضہ کی سازش کے بے بنیاد،خودساختہ بدامنی کو دوام دینے کی ناکام کوشش ہے اور عوامی احتجاج سے ان کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ عوام کو منظم کرتے ہوئے احتجاج میں فعال حصہ ؒلیں اور احتجاجی مظاہروں کو کامیاب بنائیں۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری صورت خان کاکڑودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا پشتونخومیپ کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج کے اعلان اور 14اکتوبر کو کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے کی تیاری تھا۔ اجلاس میں تحریک تحفظ آئین پاکستان بلوچستان کے اجلاس اور فیصلوں کی روشنی میں سہہ پہر 3بجے کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا اور اس کی تیاری کے لیے ضلع کوئٹہ کے تمام ضلع کمیٹی کے اراکین،تحصیل سٹی، تحصیل کچلاغ، تحصیل صدر اور تحصیل سریاب کے کمیٹیوں اور علاقائی وابتدائی یونٹس اور تمام کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ بھرپور انداز میں 14اکتوبر بروز بدھ 2026کے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کرے۔
پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ کا اجلاس، 14اکتوبر کو بھرپور احتجاج کا فیصلہ

ٹیگز:
پشتونخوامیپ
