کراچی (ڈیلی گرین گوادر) شیخ الحدیث حضرت مولانا سکندر احمد صاحب نے فخرِ جمعیت، قائدِ جمعیت کے دستِ راست، حضرت مولانا عبدالغفور حیدری ب کی گرفتاری کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری صاحب پاکستان کے سینئر ترین پارلیمانی لیڈر، علماء کے ترجمان اور لاکھوں کارکنان کے محبوب رہنما ہیں۔ ایسے بزرگ، باوقار اور محبِ وطن رہنما کی گرفتاری حکومت کی بوکھلاہٹ اور ظلم کی بدترین مثال ہے۔مولانا سکندر احمد نے کہا کہ مولانا حیدری صاحب نے ہمیشہ آئین، قانون اور جمہوریت کی بات کی ہے۔ انہوں نے کبھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ پھر بھی ان کو گرفتار کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت اب سچ بولنے والوں سے خوفزدہ ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاری صرف ایک شخص کی گرفتاری نہیں، بلکہ پورے دینی طبقے، مدارس، علماء اور جمعیت علماء اسلام پر حملہ ہے۔ اس سے ملک بھر کے کارکنان میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔شیخ الحدیث حضرت مولانا سکندر احمد نے مطالبہ کیا کہ
حضرت مولانا عبدالغفور حیدری صاحب کو فوری طور پر رہا کیا جائے، اور ان کے خلاف درج بے بنیاد مقدمات ختم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اپنے قائدین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہم پرامن ہیں، پرامن رہیں گے، لیکن اپنے بزرگوں کی عزت اور آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، اس ظالمانہ اقدام سے باز آ جائے، ورنہ جمعیت علماء اسلام ملک بھر میں پرامن احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری کی گرفتاری اور جمعیت کے خلاف سازشوں کی مذمت کرتے ہیں شیخ الحدیث حضرت مولانا سکندر احمد

ٹیگز:
مولانا سکندر احمد
