راولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب تربیتی طیارہ حادثے میں شہید ہونے والے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ راولپنڈی کی چکلالہ گیریژن میں ادا کردی گئی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں افسران 12 اکتوبر 2026 کو کوئٹہ کے قریب نواں کلی میں مشاق تربیتی طیارے کے افسوس ناک حادثے میں شہید ہوئے تھے۔
نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہدا کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے دونوں بہادر افسران کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہدا کی جرأت، فرض شناسی اور مادر وطن سے غیر متزلزل وابستگی قوم کے لیے ہمیشہ باعث فخر رہے گی۔دونوں شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

