گوادر(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور بلیدی نے گوادر کے دورے کے موقع پر گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں جاری و مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں، شہر میں پانی کی فراہمی کی صورتحال، مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار فنڈز، انتظامی امور اور جی ڈی اے اسکول کی کارکردگی و بہتری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن، سید ظفر علی آغا، انجینئر عبدالمجید بادینی، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان، چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے صوبائی وزیر کو ادارے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت جاری اور مکمل ہونے والے کاموں، پانی کی فراہمی کے نظام میں بہتری، میونسپل سروسز اور ادارے کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبہ گوادر شہر کی تعمیر و ترقی، بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی اور تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے ایک جامع منصوبہ ہے۔ اس کے تحت شہر کی مختلف شاہراہوں، گلیوں، بازاروں، تعلیمی اداروں، قبرستانوں، عیدگاہوں، چوکوں اور چوراہوں کی تعمیر و توسیع، بحالی اور تزئین و آرائش کے کام کیے گئے ہیں، جس سے شہری ماحول، آمدورفت اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئی ہے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملی ہے۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے بتایا کہ ادارے نے شہر میں پانچ ہزار سے زائد درخت لگائے ہیں، جبکہ تقریباً 31 کلومیٹر سوریج نالوں، 23 کلومیٹر برساتی نالوں، تین اسٹیڈیمز، تین پبلک پارکس، ڈھائی سو کلومیٹر سے زائد شاہراہوں، جی ڈی اے اسکول، جی ڈی اے ہسپتال اور فش لینڈنگ جیٹی سمیت مختلف شہری و ترقیاتی سہولیات کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ان کی آپریشنل دیکھ بھال اور مرمت کی ذمہ داریاں بھی سنبھال رکھی ہیں۔ جی ڈی اے کی میونسپل سروسز کے تحت شہر کی شاہراہوں، بیچز اور دیگر عوامی مقامات کی صفائی اور دیکھ بھال کا کام بھی جاری ہے۔اجلاس میں گزشتہ ایک سال کے دوران گوادر میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ جی ڈی اے نے پانی کی قلت پر قابو پانے اور شہریوں کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں شادی کور ڈیم سے پانی کی فراہمی کا دوبارہ آغاز، شہر میں تقریباً 300 کلومیٹر طویل ڈسٹری بیوشن لائن کی فعالیت، 16 ہزار نئے واٹر کنکشنز کی فراہمی اور ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کی پرانی لائنوں سے نئے نظام پر کنکشنز کی منتقلی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ واٹر بلنگ کا نظام متعارف کرانے، مرکزی ٹرانسمیشن لائن کی بہتری اور زیرِ زمین واٹر اسٹوریج ٹینکس کی تعمیر جیسے اقدامات بھی کیے گئے ہیں، جن سے پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے۔صوبائی وزیر نے شہر میں پانی سپلائی سے متعلق جی ڈی اے کے اقدامات کی تعریف کی اور شادی کور پمپنگ اسٹیشن کے فیول کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو کم کرنے کے لیے الگ سے بجلی کا فیڈر قائم کرنے کی تجویز پر پیش رفت کی ہدایت کی۔ اس سلسلے میں متعلقہ منصوبے کی پی سی ون دوبارہ ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے اس منصوبے کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی میں معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔اجلاس میں جی ڈی اے کے آئندہ ترقیاتی منصوبوں اور رواں مالی سال کے لیے مختص فنڈز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز میں اضافے کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ہدایت کی کہ گوادر میں نئے اسپورٹس کمپلیکس کے قیام کے لیے پی سی ون تیار کرکے جمع کرائی جائے۔ انہوں نے اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے اگلے مرحلے میں ٹی ٹی سی کالونی، بخشی کالونی، شمبے اسماعیل وارڈ اور فقیر کالونی کی بحالی کے لیے بھی نئے ترقیاتی منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں جی ڈی اے اسکول کی تعلیمی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور تدریسی معیار کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے اسکول کی ازسرِنو تنظیمِ نو، نصاب میں بہتری، قابل اور تجربہ کار اساتذہ کے انتخاب، تدریسی نظام کو مؤثر بنانے اور ضروری وسائل کی فراہمی کے لیے جامع تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسکول کے لیے مناسب تعلیمی بورڈ سے الحاق یا کسی نجی شعبے کے ماتحت چلانے کے امکانات کی تجویز کا جائزہ لینے اور ادارے کی تعلیمی شناخت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ضروری اقدامات پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اسکول کی بہتری کے لیے درکار اضافی فنڈز کی فراہمی میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت گوادر کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار وسائل کی فراہمی اور فنڈز کی ترجیحی بنیادوں پر دستیابی کے لیے کوششیں کی جائیں گی، تاکہ شہر کی ترقی اور عوامی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کیا جا سکے۔انہوں نے جی ڈی اے کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں، پانی کی فراہمی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، ترقیاتی سرگرمیوں میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ترقیاتی سرگرمیوں میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے ،میر ظہور بلیدی

ٹیگز:
میر ظہور بلیدی
