اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)مری میں ایک سکول وین موڑ کاٹتے ہوئے درخت سے ٹکرا کر کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں وین آگ بھڑک اُٹھی جس کی وجہ سے ڈرائیور سمیت اس میں سوار 10 طالب علم جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت وین میں 10 سے زائد بچے سوار تھے۔ بعض اطلاعات کے مطابق بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور وین درخت سے ٹکرانے کے بعد کھائی میں جا گری۔
ریسکیو حکام کے مطابق مری میں لوئر موہڑا بڑاہوترکے قریب سکول وین بے قابو ہوکر سڑک سے نیچےجاگری جس کے بعد وین میں آگ لگ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ کھائی میں گرنے کے بعد سکول وین میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 10 طالب علم جھلس کر زخمی ہوئے۔
مقامی انتظامیہ نے زخمی بچوں کو وین سے نکال کر اپنی مدد آپ کے تحت قریبی ہسپتال منتقل کیا۔پولیس کے مطابق زخمیوں میں تین افراد کی حالت زیادہ تشویش ناک ہے، جن میں سکول وین کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔ شدید جھلسنے والے تینوں افراد کو مزید علاج کے لیے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

