کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) بلوچستان کی نومنتخب کابینہ کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے نومنتخب صدر ڈاکٹر نعیم زرکون، ڈاکٹر عبدالجبار سومرو، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر زرک خان، نائب صدور ڈاکٹر نور اللہ موسیٰ خیل اور ڈاکٹر سیمین گل، جوائنٹ سیکریٹریز ڈاکٹر محمد اسلم اور ڈاکٹر احمد عباس، پریس سیکریٹری ڈاکٹر عبداللہ وردگ، فنانس سیکریٹری ڈاکٹر طارق بلوچ اور چیئرمین فیلڈ آپریشنز ڈاکٹر ارشاد بلوچ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ایم اے بلوچستان کی نئی قیادت کا بلامقابلہ انتخاب ڈاکٹرز برادری کے باہمی اعتماد اور تنظیمی یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے کہا کہ بلوچستان میں صحت کا شعبہ طویل عرصے سے متعدد مشکلات سے دوچار ہے۔ صوبے کے دور افتادہ اضلاع میں ماہر ڈاکٹرز اور طبی عملے کی کمی، بنیادی مراکز صحت کی غیر فعال صورتحال، ہسپتالوں میں ضروری سہولیات کا فقدان اور عوام کو بروقت معیاری علاج کی عدم دستیابی جیسے مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے حکومت، محکمہ صحت اور ڈاکٹرز برادری کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔ پی ایم اے بلوچستان کو چاہیے کہ وہ ڈاکٹرز کے پیشہ ورانہ و انتظامی مسائل کو متعلقہ حکام کے سامنے اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرے۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات بی این پی عوامی نے کہا کہ بلوچستان کے ڈاکٹرز محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں، اس لیے ان کے جائز مسائل کا حل اور کام کرنے کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے نومنتخب کابینہ پر زور دیا کہ وہ صوبے کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز کو تنظیمی پلیٹ فارم پر ساتھ لے کر چلیں اور طبی مراکز کی فعالیت، صحت کی سہولیات میں بہتری اور ڈاکٹرز کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مؤثر آواز بلند کریں۔ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے امید ظاہر کی کہ پی ایم اے بلوچستان کی نئی کابینہ ڈاکٹرز برادری کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے نہ صرف طبی شعبے سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے گی بلکہ بلوچستان کے عوام کو بہتر اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائے گی۔
پی ایم اے بلوچستان کی نومنتخب کابینہ کو ڈاکٹر ناشناس لہڑی کی مبارکباد , پی ایم اے بلوچستان کی نئی کابینہ ڈاکٹرز برادری کے اتحاد کی علامت ہے، ڈاکٹر ناشناس لہڑی

ٹیگز:
ڈاکٹر ناشناس لہڑی
