کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مستونگ میں انگور کے باغات سے صوبائی وزیر داخلہ یا سیکیورٹی فورسز پر حملہ ہوتا ہے تو جائیداد کے مالکان جرم سے بری الذمہ نہیں بلکہ سہولت کار تصور ہوں گے، بلوچستان پبلک سروس کمیشن میں تحصیلداروں کی بھرتی سے متعلق شکایات پر کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کی رپورٹ میڈیا کے سامنے لائی جائے گی وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد چند منٹ کے لیے کسی شاہراہ پر آکر پورے بلوچستان کی ایسی تصویر پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں جیسے صوبے کی تمام شاہراہیں ان کے کنٹرول میں ہوں حالانکہ بلوچستان میں چار ہزار کلومیٹر سے زائد شاہراہیں ہیں اور ریاست کو اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا ہوتی ہے، جبکہ دہشت گردوں کو صرف ایک مقام پر حملے کے لیے کامیابی درکار ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ یہ گوریلا وار فیئر ہے جس میں حملے کے وقت اور ہدف کا انتخاب دہشت گرد کرتے ہیں تاہم ریاست اس جنگ سے تھکنے والی نہیں، دہشت گردوں کو تھکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہزار سال کی جنگ نہیں بلکہ ایک دو سال میں ختم ہونے والی جنگ ہے، تاہم ریاست اپنے عزم کے ساتھ اس کا مقابلہ کرے گی۔مستونگ میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور انگور کے باغات اور نجی جائیدادوں کے ممکنہ استعمال کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ایسی کارروائی نہیں چاہتی جس سے عام شہری متاثر ہوں کیونکہ دہشت گرد اکثر انسانی ڈھال استعمال کرتے ہیں تاہم ریاست کے صبر کی بھی ایک حد ہے انہوں نے مستونگ میں انگور کے باغات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر سیکیورٹی فورسز کے قافلوں یا وزیر داخلہ پر کسی باغ سے حملہ ہوتا ہے تو باغات کے مالکان یہ نہیں کہہ سکتے کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ ان کی زمین پر کوئی دہشت گرد موجود ہے انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی کی نجی ملکیت دہشت گردی کے لیے استعمال ہوگی تو اس کے مالک کو بھی دہشتگردوں کا سہولت کار ہی تصور کیا جائے گا
مستونگ میں انگور کے باغات سے صوبائی وزیر داخلہ یا سیکیورٹی فورسز پر حملہ ہوتا ہے تو جائیداد کے مالکان جرم سے بری الذمہ نہیں بلکہ سہولت کار تصور ہوں گے، میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
