لاہور (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے ایکسپو سینٹر لاہور میں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ ’’میرا برینڈ پاکستان‘‘ ویمن انٹرپرینیور ایونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کے اسٹالز کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں کام کرنے والی خواتین سے ملاقات کی۔ تقریب میں ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی سمیت خواتین انٹرپرینیورز، کاروباری شخصیات اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرا برینڈ پاکستان‘‘ محض ایک نمائش نہیں بلکہ پاکستانی خواتین کی صلاحیت، خود اعتمادی اور معاشی خودمختاری کا اعلان ہے۔ آج یوم آزادی کے موقع پر ہم یہ پیغام دے رہے ہیں کہ پاکستان کی بیٹیوں کے ہنر کو گھروں کی چار دیواری تک محدود نہیں رکھا جا سکتا؛ ان کے ہنر کو قومی معیشت کی قوت بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ خواتین کو اپنے ہنر کو کاروبار میں تبدیل کرنے کے لیے تربیت، سرمایہ، مارکیٹ اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی دی جائے۔ پاکستان کی معاشی ترقی کا راستہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنائے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں پاکستانی خاتون صرف صارف نہیں بلکہ پروڈیوسر، انٹرپرینیور، ایکسپورٹر اور قومی معیشت کی فعال شراکت دار ہو۔ ’’میرا برینڈ پاکستان‘‘ دراصل ’’میری شناخت، میری محنت اور میرا پاکستان‘‘ کا پیغام ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خواتین کے چھوٹے اور گھریلو کاروباروں کو باقاعدہ معیشت کا حصہ بنانے کے لیے آسان قرضوں، ٹیکس سہولتوں، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس اور ملکی و عالمی منڈیوں تک رسائی کے مؤثر مواقع فراہم کیے جائیں۔ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں صرف جشن منانے کا نہیں بلکہ پاکستان کو مضبوط، خودکفیل اور معاشی طور پر مستحکم بنانے کا عہد یاد دلاتا ہے۔ خواتین اگر اپنے ہنر اور صلاحیت کو کاروبار میں تبدیل کریں اور قوم ان کا ساتھ دے تو پاکستان کی معاشی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے ہمیشہ مشکل حالات میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ آج کی پاکستانی خاتون گھر سنبھالنے کے ساتھ ساتھ کاروبار، صنعت، تعلیم، طب اور تجارت کے میدان میں بھی ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تیار کردہ مقامی برانڈز کو قومی اور عالمی سطح پر متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر زبیدہ، جبیں ، ڈائریکٹر ہر دل تک قرآن پراجیکٹ انیلہ محمود ،ناظمہ حلقہ لاہور عظمی عمران، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شہناز عاصمہ ,سیکرٹری اطلاعات وسطی پنجاب صفیہ ناصر اور شازیہ محمود بھی موجود تھیں
میرا برینڈ پاکستان: پاکستانی خواتین کی صلاحیتوں کو قومی معیشت کی طاقت بنانا ہوگا، ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
