مکہ مکرمہ (ڈیلی گرین گوادر)سعودی عرب :مکہ مکرمہ میں عمرہ کی سعادت کے دوران سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری سے سعودی عرب میں مقیم بلوچ کمیونٹی نے ملاقات کی۔ ملاقات انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سعودی عرب میں مقیم بلوچ برادری کو درپیش مسائل، ان کے حل، اور بلوچستان کی مجموعی سیاسی و سماجی صورتحال سمیت مختلف علاقائی موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر بلوچ رہنماؤں اور عمائدین نے نواب ثناء اللہ خان زہری کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی صحت، درازیٔ عمر اور عوامی خدمات کے تسلسل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ نواب ثناء اللہ خان زہری نے ملاقات کرنے والے بلوچ رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بیرونِ ملک مقیم بلوچ برادری اپنی محنت، اتحاد اور قومی وابستگی کے ذریعے بلوچستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہی ہے، اور ان کے مسائل و مشکلات سے آگاہی اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ملاقات کے دوران میر عبدالنبی زہری اور سید محمد اکرم شاہ بھی نواب ثناء اللہ خان زہری کے ہمراہ موجود تھے، جبکہ شرکاء نے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور قومی یکجہتی کے فروغ پر بھی زور دیا۔
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری سے سعودی عرب میں مقیم بلوچ کمیونٹی کی شخصیات نے ملاقات کی

ٹیگز:
نواب ثناء اللہ خان زہری
