پشین (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخو املی عوامی پارٹی ضلع پشین سے مربوط کربلا علاقائی یونٹ کے جنرل باڈی کا اجلاس تحصیل سرانان کے سیکرٹری عنایت اللہ کاکڑ کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں کربلا میں پارٹی کی سیاسی تنظیمی فعالیت پر غورکیا گیا اور اس حوالے سے مختلف فیصلے کئے گئے اور ذمہ داریاں سونپی گئی۔اجلاس سے پارٹی کے مرکزی ایڈیشل سیکرٹری مالیات آغا سید لیاقت علی، مرکزی سیکرٹری، عبدالحق ابدال، صوبائی صدر عبدالقہار ودان، ضلع سیکرٹری عمر خان ترین، سینئر معاون سیکرٹری حاجی اکبر صاحب، سید امین اللہ بشر، سید شاہ ولی آغا نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخواوطن کی موجودہ صورتحال میں کوئٹہ کا جرگہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔ صوبے میں جاری بدامنی کی لہر سے صوبے بھر میں سخت تشویش پھیل گئی ہے اور ساتھ ہی پشتون معیشت، کاروبار، روزگار اور تجارت کے دروازے بند کئے جاچکے ہیں اور ملک بھر میں پشتون تجار کاروباری اور محنت مزدوری کے دروازے بندکئے گئے ہے۔ پشتونوں کے ٹرانسپورٹ جلانے، املاک کو نقصان پہنچانے یا تباہ کرنے کی کارروائی ملک کے طول و عرض میں جاری ہے جبکہ دوسری جانب انسانی جانوں کا ضیاع جاری ہے۔مقررین نے کہا کہ صوبے کے عوام کی مرضی ومنشاء کے برخلا ف اور تاریخی جغرافیائی پس منظرکو نظرانداز کرکے نئے ڈویژنز و اضلاع کے نام پر جاری فارم 47 کی حکومت کے اقدامات عوام کو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مقررین نے کہا کہ ضلع پشین میں پینے کے صاف پانی کی قلت اور زیرزمین پانی کی گرتی ہوئی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے پارٹی دور حکومت میں زیر زمین پانی کی سطح بلندکرنے، پشتون عوام کی واحد ذریعہ معاش زراعت کے بچاؤ کیلئے بارانی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیمز تعمیر کئے گئے تھے اور آج اگر پانی کی صورتحال کچھ بہتر ہے تو وہ انہی ڈیمز کی وجہ سے ہے۔ موجودہ فارم 47کے نمائندوں اور حکومت نے ڈیمز جیسے اہم منصوبے پر کوئی توجہ نہیں دی اور گزشتہ 3سالوں کے دوران کسی بھی علاقے میں ڈیم تعمیر نہیں کیا گیا جبکہ ہمارے دور حکومت کے ہنڈرڈ ڈیمز پیکیج کو بھی روک دیا گیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بلا تاخیر بارانی و سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے ہر علاقے میں ڈیمز کی تعمیر کی جائے اور موجودہ ڈیمز کی دیکھ بال اور نگرانی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ مقررین نے کہاکہ (BSDI) Balochistan Special Development Initiativeکے تحت ڈپٹی کمشنر کو دیئے گئے فنڈز جوکہ عوامی فلاح و بہبود کے سکیمات کیلئے خرچ ہونے تھے بدقسمتی سے ضلع پشین میں ڈی سی دفتر میں ایک سیکٹر انچارج کے ذریعے من پسنداشخاص، فارم 47کے من پسند افراد، ٹھیکیداروں میں انفرادی طور پر تقسیم کیا جارہا ہے جبکہ عوام کے مسائل کے حل اور فلاح و بہبود کے اجتماعی اسکیمات کو نظر انداز کیا جارہا ہے جس کے باعث عوام میں تشویش پائی جاتی ہے کہ یہ خطیر رقم صرف کرپشن کی نذر ہوگی۔ مقررین نے کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ کلی کربلا اور ضلع پشین میں پارٹی کو مزید منظم و فعال بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلائے اور عوامی رابطہ مہم کے تحت پارٹی پروگرام اور پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کا بیانیہ گھر گھر پہنچائیں۔
پشین کربلا علاقائی یونٹ کا اجلاس، عبدالرحیم زیارتوال کی خصوصی شرکت . کوئٹہ کا جرگہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، پشتونخوا میپ

ٹیگز:
پشتونخوا میپ
