گجرات (ڈیلی گرین گوادر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے شمالی پنجاب کے تنظیمی دورے کے سلسلے میں ضلع گجرات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فہم القرآن کلاسز کی شرکاء، ارکان اور مربیات سے مختلف نشستوں میں خطاب کیا۔ اس موقع پر ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پنجاب شمالی ثمینہ احسان اور نائب ناظمہ آنسہ اشفاق بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ اپنے خطاب میں ثمینہ سعید نے کہا کہ قرآنِ مجید کو سمجھنا اور اس کے پیغام کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنا ہر مسلمان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ جو علم اللہ تعالیٰ ہمیں عطا کرتا ہے، اسے اپنی ذات، خاندان اور معاشرے تک پہنچانا ہی حقیقی دعوتِ دین ہے۔انہوں نے کہا کہ عورت گھر کی پہلی معلمہ اور نسلوں کی بہترین مربیہ ہے۔ اگر خواتین اپنے کردار، علم اور عمل کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھال لیں تو ایک صالح خاندان اور مثالی معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ثمینہ سعید نے نوجوان طالبات اور خواتین کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین کی ایسی باکردار اور باصلاحیت قیادت تیار کر رہی ہے جو گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ دین کی دعوت، معاشرتی اصلاح اور اقامتِ دین کی جدوجہد میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقت کی بہترین منصوبہ بندی اور مضبوط کردار ہی ایک کامیاب داعیہ کی پہچان ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فہم القرآن کلاسز سے وابستہ خواتین مستقبل میں قرآن کی تعلیم اور دعوت کو مزید وسعت دیں گی اور معاشرے کی فکری و اخلاقی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔پروگرام کے اختتام پر ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پنجاب شمالی ثمینہ احسان نے اسٹڈی سرکل کے مؤثر انعقاد کے عملی طریقۂ کار پر تربیت فراہم کی تاکہ دعوتی اور تربیتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
قرآن کا پیغام ہر گھر تک پہنچانا ہماری دینی و اجتماعی ذمہ داری ہے: ثمینہ سعید

ٹیگز:
ثمینہ سعید
