کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیر تربیت افسران اور فیکلٹی ارکان سے خطاب کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں تربیت کے اعلیٰ معیار، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیرمعمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے ہیں، افسران بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثرجواب دینے کیلئے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں اور پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ خود کو اور اپنے ماتحت جوانوں کو مسلسل تربیت دیتے رہیں تاکہ بدلتے ہوئے جنگی حالات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔بعد ازاں فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث ناکام ہوں گی۔انہوں نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ترقی عوامی فلاح، جامع ترقی، بہتر طرز حکمرانی اور سیکیورٹی اقدامات کے امتزاج سے ممکن ہے۔ انہوں نے حکومت بلوچستان کی جانب سے عوامی بہبود، سماجی و معاشی ترقی اور ریاست و عوام کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے کے اقدامات کو بھی سراہا۔فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے میں امن، استحکام اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اس سے قبل کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث ناکام ہوں گی،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

ٹیگز:
سید عاصم منیر
