کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں تاجروں، دکانداروں، ریڑھی بانوں کو تنگ کرنے، گرفتارکرنے،رشوت لینے کے ناروا عمل کی پارٹی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور واضح کرتی ہے کہ اگر یہ سلسلہ ترک نہ کیا گیا تو پارٹی پولیس، ٹریفک پولیس، میٹروپورلیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاج پر مجبور ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے تباہ حال غریب عوام، تاجر، دکاندار شدید مہنگائی اور تجارت نہ ہونے کے باعث سخت مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ رہی سہی کسر سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران پوری کردی جو پولیس میں شامل رشوت خوروں کے لیے رشوت کا ایک نیا ذریعہ بن چکی تھی۔ اب جب عید کے موقع پر سمارٹ لاک ڈاؤن کا خاتمہ کیا گیا ہے اس کے باوجود ٹریفک پولیس، پولیس، ایگل سکواڈ، ضلعی انتظامیہ اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے مجسٹریٹ ودیگر عملہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں بازاروں، جوائنٹ روڈ،سریاب، نواں کلی، ایئرپورٹ روڈ، سمنگلی روڈ پر لوٹ مار کے لیے پہنچے ہوئے ہیں۔ایک ریڑھی بان جو صبح سے شام تک سخت دھوپ اور مشکلات برداشت کرکے اپنے بچوں کے لیے رزقِ حلال کماتا ہے۔ محنت کش اور دیہاڑی دار لوگ کسی پر بوجھ نہیں بلکہ اپنی محنت سے جینے کا حق مانگتے ہیں۔لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ انہی غریب لوگوں کو آئے روز تنگ کیا جاتا ہے ان کی ریڑھیاں ضبط کی جاتی ہیں انہیں گرفتار کرکے تھانوں اور جیلوں میں بند کیا جاتا ہے اور بعض جگہوں پر رشوت کے بغیر انہیں سکون سے روزگار بھی نہیں کرنے دیا جاتا یہ عمل نہ صرف ظلم ہے بلکہ انسانیت کے خلاف بھی ہے۔یہ صرف ایک ریڑھی بان یا فرد کی گرفتاری نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک پورا خاندان متاثر ہوتا ہے۔ اس کے بچے بھوک اور پریشانی کا شکار ہوتے ہیں اس کے گھر کا چولہا ٹھنڈا ہوجاتا ہے ایک غریب محنت کش کی گرفتاری پورے گھر کی سزا بن جاتی ہے۔جس کی ذمہ داری حکومت اور انتظامیہ ہے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پولیس، ضلعی انتظامیہ، مجسٹریٹس اور تمام متعلقہ ادارے غریب ریڑھی بانوں، دکاندانوں، تاجروں، مزدوروں کو بلاوجہ ہراساں کرنے، گرفتاریاں اور تھانوں میں بند کرنے کا سلسلہ ختم کرتے اور ساتھ ہی رشوت ستانی اور ناجائز مطالبات کا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو روزگار فراہم کیا جائے نہ کہ ان سے روزگار چھینا جائے۔
کوئٹہ شہر میں تاجروں، دکانداروں، ریڑھی بانوں کو تنگ کرنے، گرفتارکرنے،رشوت لینے کے ناروا عمل کی پارٹی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے،پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
