ڈیرہ بگٹی (ڈیلی گرین گوادر) آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عاطف مجتبیٰ ایک روزہ دورے پر ڈیرہ بگٹی پہنچ گئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ استقبال کرنے والوں میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے چھوٹے بھائی میر آفتاب بگٹی و ڈسٹرکٹ چیئرمین ڈیرہ بگٹی، وڈیرہ غلام نبی شمبانی بگٹی،، ایم این اے سبی ڈویژن، وڈیرہ میاں بگٹی قبائلی عمائدین اور سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔اپنے دورے کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ نے ایک پروقار گرینڈ جرگے میں شرکت کی، جس کے انتظامی امور میں ڈسٹرکٹ چیئرمین وڈیرہ غلام نبی شمبانی،میر آفتاب خان بگٹی نے کلیدی کردار ادا کیا۔ جرگے میں مختلف قبائل کے معتبرین اور شہریوں نے شرکت کی اور علاقے کو درپیش بنیادی مسائل بالخصوص تعلیم، صحت، بجلی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سڑکوں کی خستہ حالی سے متعلق آئی جی ایف سی کو تفصیل سے آگاہ کیا۔میجر جنرل عاطف مجتبیٰ نے عوامی مسائل کو توجہ سے سنا اور موقع پر موجود متعلقہ حکام کو ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ بگٹی کے عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی تعمیر و ترقی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں تعلیم کے حصول اور مثبت سرگرمیوں پر صرف کریں تاکہ علاقے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھایا جا سکے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین وڈیرہ غلام نبی شمبانی وزیر اعلی کے چھوٹے بھائی میر آفتاب خان مسوری اور دیگر قبائلی عمائدین نے عوامی مسائل میں ذاتی دلچسپی لینے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے پر آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ کا شکریہ ادا کیا۔
آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عاطف مجتبیٰ کا ایک روزہ دورہ ڈیرہ بگٹی، گرینڈ جرگے میں عوامی مسائل سنے، ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایات

ٹیگز:
میجر جنرل عاطف مجتبیٰ
