کراچی(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ کی صوبائی ایگزیکٹو اور صوبائی کمیٹی کا اہم اجلاس صوبائی صدر سلیم خان ترین کی زیر صدارت صوبائی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبد الرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری نذیر جان یوسفزئی، مرکزی سیکرٹری عبد الحق ابدال اور مرکزی سیکرٹری صلاح الدین اچکزئی نے شرکت کی۔صوبائی کمیٹی کے اجلاس سے قبل صوبائی ایگزیکٹو کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی تنظیمی رپورٹ پیش کی گئی اور پارٹی کے ابتدائی یونٹس میں مزید اضافہ کرنے، گھر گھر پارٹی پیغام پہنچانے اور تمام اضلاع میں تنظیمی سرگرمیوں کو فعال بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی و مرکزی قیادت ابتدائی یونٹس سے لے کر اضلاع اور علاقوں تک تمام تنظیمی اجلاسوں اور سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کرے گی۔اجلاس میں مرکزی وصوبائی قیادت نے سندھ کے تمام ذمہ داران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ پارٹی کارکنان، پارٹی کے علاوہ کسی دوسرے یونین یا قبائلی اتحاد جیسی سرگرمیوں سے دور رہیں۔ اگر کوئی کارکن اس قسم کی وطن دشمن اور قومی تحریک کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو پارٹی اس کے کسی عمل کی ذمہ دار نہیں ہوگی، بلکہ وہ خود ذمہ دار ہوگا۔ایگزیکٹو اجلاس کے بعد صوبائی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام اضلاع کی رپورٹس پیش کی گئیں۔ مرکزی و صوبائی قیادت نے ایگزیکٹو اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق صوبائی کمیٹی سے کرائی، جنہیں متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور بالخصوص کراچی سمیت سندھ بھر میں پشتونوں کو درپیش سیاسی، معاشی اور تعلیمی مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت جلد سندھ حکومت سے ملاقات کرے گی۔اجلاس میں پشتونوں کے کاروبار کے خلاف تجاوزات کے نام پر کی جانے والی کارروائیوں اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر پشتونوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔
پارٹی کارکنان، پارٹی کے علاوہ کسی دوسرے یونین یا قبائلی اتحاد جیسی سرگرمیوں سے دور رہیں : سلیم خان ترین

ٹیگز:
پشتونخوا ملی عوامی
