لورالائی + سبی+ ہرنائی (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیر اہتمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف ملک گیر جاری احتجاجی کے سلسلے میں ضلع لورالائی کے زیرِ اہتمام موجودہ حالات، بے مثال مہنگائی، بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور بالخصوص پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور ظالمانہ اضافے کے خلاف ایک بڑا، منظم اور شاندار احتجاجی مظاہرہ اور جلسہ عام منعقد کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے بھرپور شرکت کی۔ جلسہ پارٹی کے مرکزی سیکریٹری چیئرمین اللہ نور کاکڑ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکریٹری اللہ نور کاکڑ، ضلعی سیکریٹری مصطفیٰ کمال کاکڑ، صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز نعمت جلالزئی، غنی فدائی، سلام ناصر، نظام کاکڑ، مرکزی کمیٹی کے رکن نعمت شبوزئی، صوبائی کمیٹی کے رکن شیر علی ناصر، پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ضلعی سیکریٹری فرید خان کبزئی اور مولوی فضل کریم اخوند نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی معاشی کمر توڑنے کے مترادف ہے۔ مقررین نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث نہ صرف ٹرانسپورٹ بلکہ اشیائے خوردونوش اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتیں بھی بڑھ چکی ہیں، جس سے عام آدمی کی زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے، بصورتِ دیگر احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔اسی طر ح پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع سبی کے زیرِ اہتمام پارٹی ہدایات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے، امن و امان کی ابتر صورتحال، چوری و ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں، بجلی و گیس کی طویل لوڈشیڈنگ، بلوں میں اضافے اور کڑک تلی خجک روڈ کی بندش کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرہ پارٹی کے ضلعی دفتر سے شروع ہو کر ریزیڈنسی روڈ، چاکر روڈ، لیاقت بازار اور نشتر روڈ سے ہوتا ہوا سبی پریس کلب پہنچا، جہاں احتجاجی جلسہ منعقد ہوا۔ مظاہرے کی صدارت صوبائی ڈپٹی سیکریٹری احمد خان لونی نے کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے احمد خان لونی اور دیگر مقررین نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ غریب اور متوسط طبقے پر کمر توڑ مہنگائی مسلط کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اضافے کے باعث زندگی کے ہر شعبے میں مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے اور اس کا بوجھ صرف غریب عوام، محنت کشوں، ملازمین اور چھوٹے کاروباری طبقے کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ مقررین نے سبی میں امن و امان کی خراب صورتحال، بڑھتی ہوئی وارداتوں اور بنیادی سہولیات کی کمی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرے اور بنیادی مسائل حل کرے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیرِ اہتمام ضلع ہرنائی مقررین حاجی دوران، اتل قہرمان،مظہر خان ترین، عوامی نیشنل پارٹی محمود شاہ ، ملک ابراہیم، نے پیٹرولیم مصنوعات کی ہوشربا مہنگائی، سڑکوں کی خستہ حالی اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے خلاف ایک بڑی اور منظم احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت ضلعی رہنما حاجی دوران نے کی، جبکہ ریلی باچاخان چوک سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزری۔ مظاہرین نے ہرنائی تا کوئٹہ اور ہرنائی تا سنجاوی روڈ کی خراب حالت اور بندش کے خلاف شدید احتجاج کیا اور کہا کہ ان سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام دشمن اقدام ہے، جس نے عام آدمی کی زندگی کو ناقابلِ برداشت بنا دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر قیمتوں میں کمی کرے، سڑکوں کی تعمیر مکمل کرے اور علاقے میں امن و امان بحال کرے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی معاشی کمر توڑنے کے مترادف ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیر اہتمام مظاہروں سے رہنماؤں کا خطاب

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل عوامی
