پشین (ڈیلی گرین گوادر) سیاسی رہنماؤں نے کہا ہے کہ یارو شہر میں پشتون قومی تحریک کے بزرگ رہنما مرحوم عالمگیر لالا کے گھر پر وحشیانہ حملہ اور تین افراد کی شہادت کا دلخراش سانحہ ناقابلِ برداشت اور ناقابلِ معافی ہے جس میں ہر قسم کے انسانی ، پشتنی اور اسلامی روایات و اقدار کو پامال کرتے ہوئے معصوم انسانوں کو ناحق شہید کیا گیا ۔ اب ملزموں کی جلد از جلد گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینا لازمی ہے اور یہ المناک سانحہ یارو کے ایک گھرانے کا غم نہیں بلکہ ضلع پشین کے تمام عوام کے لیے ایک امتحان اور ہم سب اس غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جمیعت علماء اسلام کے ضلع سینئر نائب امیر مولوی شفیع اللّٰہ ، پشتونخوا نیپ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان ، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری عبید اللّٰہ عابد ، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر شیر محمد ترین ، پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر شاہ نواز کھرل ، جماعت اسلامی کے تحصیل امیر عبد الرؤف خان اور مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر سعد اللّٰہ ترین نے آل پارٹیز کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ آل پارٹیز کا اجلاس جمیعت ف کے ضلعی دفتر میں مولوی شفیع اللّٰہ کی صدارت میں ہوا جس میں سانحہ یارو کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف فیصلے کیے گئے جس کے پہلے مرحلے میں 31 مارچ کو بروز منگل کو ضلعی انتظامیہ سے مل کر صورتحال واضح کر دی جائے گی اور ساتھ ہی متاثرہ خاندان سے ملاقات کیا جائے گا اور اس کے بعد آئندہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائیگا ۔ اجلاس کے جاری کردہ بیان میں صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام پر زور دیا گیا ہے کہ سانحہ میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فوری اقدامات کیے جائیں اور تمام ضلع میں ایسے منفی عناصر کے خلاف کارروائی کرنے اور ضلع کے ہر علاقے میں عوام کے سر و مال اور عزت و ناموس کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ورنہ ضلع پشین کے آل پارٹیز اتحاد ضلع کی سطح پر پر زور احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی جس میں ہر مکتبہ فکر کے تنظیموں اور مشران کو شامل کر کے احتجاجی تحریک کو ضلع کے تمام علاقوں تک وسعت دی جائے گی ۔ اجلاس میں جمیعت ف کے مولوی حبیب اللّٰہ ، ملک باز محمد خان ، پشتونخوا نیپ کے سردار فیصل خان ترین ، ڈاکٹر حیات خان ، انور وحدت ، ملک عنایت خان ، کونسلر عصمت اللّٰہ ، اے این پی کے حاجی اصغر علی ترین ، صادق کاکڑ ، تحریک انصاف کے حاجی محمد کاکڑ ، جمعہ خان نوری ، جماعت اسلامی کے حمید اللّٰہ اور افتخار احمد نے شرکت کی ۔
عالمگیر لالا کے گھر پر وحشیانہ حملہ اور تین افراد کی شہادت کا دلخراش سانحہ ناقابلِ برداشت اور ناقابلِ معافی ہے : پشین آل پارٹیز

ٹیگز:
پشین آل پارٹیز
