کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے سیریس کرائم انوسٹیگیشن ونگ کی جانب سے چمن سے تعلق رکھنے والے صحافی حبیب اللہ سے انکوائری کے نام پر خبر کے ذرائع پوچھنے کیلئے دباؤ ڈالنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کی مذمت کی ہے۔بی یو جے کے صدر منظور احمد، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین اور کابینہ کے دیگر ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کوہ نور ٹی وی سے وابستہ صحافی حبیب اللہ کو ایس سی آئی ڈبلیو کوئٹہ کی جانب سے پولیس کارروائی سے متعلق ایک خبر اپنے سوشل میڈیا پیج پر شئیر کرنے پر شامل تفتیش کرکے خبر کے ذرائع پوچھنے کیلئے دو روز میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ بی یو جے اس عمل کو صحافی کو ہراساں کرنے، دباو ڈالنے، قانون اور ضوابط کے خلاف اور صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں مداخلت قرار دیتی ہے۔ مشترکہ بیان میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ صحافی سے کسی طور اس کے خبر کے ذرائع نہیں پوچھے جاسکتے نہ ہی صحافی اپنے خبر سے متعلق ذرائع بتانے کا پابند ہے۔ بی یو جے قیادت نے آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور صحافی پر دباو ڈالنے کی ان کوششوں کو روکیں۔ تاکہ مستقبل میں اس قسم کے کسی بھی عمل کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔
آئی جی پولیس ایس سی آئی ڈبلیو کی جانب سے صحافی حبیب اللہ پر دباو ڈالنے کی کوشش کا فوری نوٹس لیں، بی یو جے

ٹیگز:
بی یو جے
