لاہور (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق ،صدروسطی پنجاب نازیہ توحید،صدرلاہورعظمی عمران نے معروف کشمیری رہنما آسیہ اندرابی کو بھارتی حکومت کی جانب سے عمر قید کی سزا سنائے جانے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ آسیہ اندرابی کو دی جانے والی سزا بنیادی انسانی حقوق اور انصاف کے عالمی تقاضوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری قیادت کو دبانے کے لیے ایسے ہتھکنڈے اختیار کرنا قابلِ مذمت اور قابلِ تشویش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد آزادی کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوششیں نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی ایک سنجیدہ سوالیہ نشان ہیں۔ آسیہ اندرابی سمیت دیگر حریت رہنماؤں کے خلاف مقدمات اور سزائیں سیاسی انتقام کی واضح مثال ہیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری رہنماؤں کے خلاف جاری ناانصافیوں کو رکوانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا اور حق خودارادیت کی جدوجہد ہر صورت جاری رہے گی۔ انہوں نے آسیہ اندرابی اور دیگر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے کشمیری رہنماؤں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد رہائی کا مطالبہ کیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اس ظلم کے خلاف حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے اسلام آباد ، کراچی ، لاہور سمیت دیگر بڑے شہریوں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے جائیں گے – دریں اثناء، حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹریز عطیہ نثار، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، عفت سجاد، ڈاکٹر زبیدہ جبیں، عائشہ سید، ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل سعدیہ حمنہ اور سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف نے بھی معروف کشمیری رہنما آسیہ اندرابی کی عمر قید کی ناحق سزا پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے -اور اقوام عالم سے اس کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے
کشمیری قیادت کے خلاف بھارتی انتقامی کاروائیاں ناقابلِ قبول ہے ` ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
