گوادر (ڈیلی گرین گوادر)جامعہ گوادر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعہ کے تعلیمی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین فیکلٹی آف سائنسز ڈاکٹر محب اللہ سمیت مختلف تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وائس چانسلر نے ملک میں جاری ہنگامی حالات کے تناظر میں وزیراعظم پاکستان، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور محکمہ ہائر ایجوکیشن بلوچستان کی ہدایات سے شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ضروری ہے کہ تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے جدید ذرائع اور متبادل طریقہ کار اختیار کیے جائیں۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ جامعہ گوادر میں جاری تمام تدریسی کلاسز کو فوری طور پر آن لائن منتقل کیا جائے گا تاکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بغیر کسی تعطل کے جاری رہ سکیں۔اجلاس میں اساتذہ اور انتظامی عملے کے لیے بھی متوازن نظام کار اپنانے پر اتفاق کیا گیا جس کے تحت پچاس فیصد عملہ گھر سے آن لائن فرائض سرانجام دے گا جبکہ باقی عملہ یونیورسٹی میں رہ کر ضروری انتظامی امور انجام دے گا۔اجلاس میں یونیورسٹی کے مالی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ہنگامی حالات کے پیش نظر اخراجات میں کمی لانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ یونیورسٹی کے روزمرہ اخراجات کو محدود کیا جائے گا تاکہ مالی وسائل کو مثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔ اسی طرح ایندھن کے استعمال میں کمی لانے کے لیے یونیورسٹی کی گاڑیوں کے ایندھن کے اخراجات میں پچاس فیصد تک کمی اور نصف گاڑیوں کو عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں جامعہ گوادر کے پہلے کانووکیشن 2026 کے انعقاد کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کنٹرولر امتحانات اور کانووکیشن کنوینر ڈاکٹر رحیم بخش مہر نے بتایا کہ گورنر بلوچستان اور چانسلر جامعہ گوادر کی ہدایات کے مطابق عیدالفطر کے بعد جامعہ گوادر کا پہلا کانووکیشن منعقد کرنے کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اسے یادگار بنانے کے لیے تمام تیاریاں کی جا رہی ہیں۔اجلاس کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جامعہ کے اساتذہ اور انتظامی عملہ باہمی تعاون کے ساتھ ادارے کی ترقی اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں اور دانشمندانہ فیصلوں کے ذریعے ہی جامعہ کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکتا ہے۔
جامعہ گوادر میں تدریسی سرگرمیاں آن لائن منتقل کرنے کا فیصلہ

ٹیگز:
جامعہ گوادر
